نئی دہلی ،26جنوری(ایچ ڈی نیوز)۔
دہلی میں میئر کے انتخاب میں ہورہی تاخیر کا معاملہ اب سپریم کورٹ تک پہنچ گیاہے۔ذرائع کے مطابق دہلی میں عام آدمی پارٹی کی میئر امیدوار ڈاکٹر شیلی اوبرائے سپریم کورٹ پہنچ گئی ہیں۔ انہوں نے سپریم کورٹ میں ایک عرضی دائر کی ہے جس میں میئر کا انتخاب مقررہ وقت میں کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔عدالت عظمیٰ میں جمعہ کو اس معاملے کی سماعت ہو سکتی ہے۔
عام آدمی پارٹی کے چیف ترجمان سوربھ بھاردواج نے کہاکہ ’دہلی والوں نے بلدیاتی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کو اکثریت دی، لیکن بی جے پی گندی سیاست کے تحت ایم سی ڈی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت نہیں بننے دے رہی ہے۔ کئی کوششوں کے باوجود میئر کے انتخاب میں وہ ناکام رہے ہیں۔ وہ حکومت نہیں بننے دے رہے ہیں۔ اب عام آدمی پارٹی کی میئر کی امیدوار ڈاکٹر شیلی اوبرائے، لیڈر آف ہاو¿س مکیش گوئل سپریم کورٹ گئے ہیں اور دو مطالبات کیے ہیں۔ ڈاکٹر شیلی اوبرائے نے درخواست میں دو مطالبات کیے ہیں۔ پہلا- ایم سی ڈی میں مقررہ وقت میں حکومت بننی چاہیے، عدالت جلد از جلد اس عمل کو مکمل کرائے۔ دوسرا- نامزد کونسلر یعنی ایلڈرمین کو ووٹ دینے کا حق نہیں ہے، لیکن بی جے پی ان سے بے ایمانی کے ذریعے ووٹ حاصل کرنا چاہتی ہے۔ ایسے میں سپریم کورٹ کو اس بارے میں مرکزی حکومت اور ایم سی ڈی انتظامیہ کو بھی حکم دے ۔
واضح رہے کہ دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے انتخابات 4 دسمبر کو ہوئے تھے اور ووٹوں کی گنتی 7 دسمبر کو ہوئی تھی۔ عام آدمی پارٹی نے 134 وارڈ جیت کر ایم سی ڈی میں بی جے پی کے 15 سالہ دور کا خاتمہ کیا تھا۔ بی جے پی نے 250 رکنی ایم سی ڈی ہاو¿س میں 104 وارڈ جیتے ہیں، جب کہ کانگریس نے نو پر کامیابی حاصل کی ہے۔