مولانا وصی اللہ مدنی نے ضلع سدھارتھ نگر(یوپی) کے تمام عازمین حج کو دلی مبارک باد پیش کی
سدھارتھ نگر، 26 مئی (ایچ ڈی نیوز)۔
ضلعی جمعیت اہلِ حدیث،سدھارتھ نگر،یوپی کے ناظم مولانا وصی اللہ مدنی نے احباب جماعت وجمعیت کو یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ مجھے انتہائی مسرت وشادمانی حاصل ہو رہی ہے کہ سال رواں ہمارے صوبہ اترپردیش سے تمام عازمین حج کی کل تعداد25208اور پورے ضلع سدھارتھ نگر سے 449 ہے، انفرادی و اجتماعی اور واٹس ایپ گروپ مسمی Up. Haj.1444 کے ذریعہ مستند علمائے دین اور تجربہ کار مرشدین ومعلمین بطورِ خاص ڈاکٹر عبدالوہاب علیگ،ایم ڈی، خادم الحجاج ماسٹر عبدالنعیم، حیدرآبادی،مولانا مطیع اللہ سلفی اور راقم سطور وغیرہم نے انہیں اعمال حج وعمرہ بتانے و عملی تربیت دینے اور احکام حج وزیارت مسجد نبوی پر مشتمل مختصر وجامع کتابوں کو گروپ میں شئیر کرنے کی حتی المقدور کوشش کی ہے نیز علاقائی سطح پرمتعینہ مراکز پر جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر کے ذمہ داران اوردیگر مخلص احباب واخوان نے ٹیکہ کاری میں بھی ان کی خوب رہنمائی کی ہے۔اللہ ان سب لوگوں کی شبانہ روز کاوشوں کو شرف قبول عطا فرمائے-
حکومتی شیڈول کے مطابق پروازوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، بہت سارے عازمین حج مدینہ طیبہ پہنچ چکے ہیں اور وہاں کی تاریخی مقامات کی زیارت و پرسکون ماحول میں مسجد نبوی میں نماز پڑھنے کی فضیلت سے بہرہ ور ہورہے ہیں۔
امسال سفر حج پر روانہ ہونے والے خوش نصیب لوگوں میں ہمارے استاد محترم مولانا مطیع اللہ سلفی(شاکرڈیہہ)کا بھی اسم گرامی شامل ہے، آپ ہماری جماعت کے معروف عالم دین ہیں، آپ کی علمی ودعوتی شخصیت محتاج تعارف نہیں ہے، جامعہ سلفیہ (مرکزی دارالعلوم)بنارس کے مایہ ناز سپوت اور قدیم فیض یافتہ ہیں، ایک طویل عرصہ سے بحسن وخوبی دعوتی وتدریسی فرائض انجام دے رہے ہیں، اچھے خطیب اور منجھے ہوئے قلم کار ہیں، ان کی کئی کتابیں زیور طباعت سے آراستہ ہوکر عوام وخواص سے داد تحسین حاصل کرچکی ہیں، شرعی مسائل پر بھی ان کی نظر گہری ہے، ملکی اور علاقائی تاریخ اہلِ حدیث سے دلچسپی زیادہ ہے، زمانہ طالب علمی سے ہی میں نے اپ کو برابر یہ دعا کرتے ہوئے سنا ہے “اللهم !شرفنا بزيارة الكعبة” اور بقول شخصے “مانگی تھی ایک دعا جو قبول ہوگئی” اللہ کے فضل خاص اور محبین و معتقدین کی پرخلوص دعاؤں سے امسال وہ اپنی رفیقہ حیات کے ہمراہ فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے پابہ رکاب ہیں۔
مورخہ: 29/5/23بروزسومواربوقت 12بجے دن ان کی پرواز لکھنو تا مدینہ طیبہ ہے، شیڈول کے مطابق وہاں ایک ہفتہ گزار کر مہبط وحی مکہ مکرمہ تشریف لائیں گے، تمام سعادت مند عازمین حج مرد وخواتین سے دردمندانہ گزارش ہے کہ وہ اس حسین موقع کو غنیمت سمجھیں، اپنے قیمتی اوقات کو اللہ کی طاعت وبندگی میں گزاریں،بدعات وخرافات سے خود کو دور رکھیں، علمائے دین کا ادب واحترام اور قدر کریں، حسب ضرورت ان سے علمی استفادہ کریں، ارشادِ نبوی “خذواعنى مناسككم” کے تحت معتبرومستند علماء سے حج وعمرہ کے احکام ومسائل دریافت کرتے رہیں، مولانا موصوف واٹس ایپ گروپ “یوپی حج 1444ه” سے منسلک تمام عازمین حج اور دوسرے باذوق احباب علمائے کرام کو اپنے علم اور سابقہ تجربات ومشاہدات سے فیض پہنچاتے رہے ہیں اور ارض مقدس میں بھی متلاشیان حق کی رہنمائی کریں گے۔ ان شاءاللہ
میں اپنی طرف سے اور مقامی وضلعی ذمہ داران جمعیت کی جانب سے تمام عازمین حج کو بالعموم اور شیخ محترم مولانا مطیع اللہ سلفی اور ان کی اہلیہ محترمہ کو بطورِ خاص فریضہ حج کی ادائیگی کی سعادت کی حصول یابی پر دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے دعاگو ہوں کہ رب العالمین سفر حج پر روانہ ہونے والے تمام خوش نصیبوں کو صحت وعافیت کے ساتھ کتاب وسنت کی روشنی میں مناسک حج وعمرہ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ان کے حج وعمرہ وتمام صالح اعمال کو شرف قبولیت بخشے۔ عازمین حج سے گزارش ہے کہ ہم لوگوں کو بھی اپنی خصوصی دعاؤں میں یاد رکھیں گے۔ آمین!