5.5 C
New York
فروری 27, 2026
Regional News علاقائی خبریں

یتیموں، بیواؤں اور مسکینوں کا خیال رکھنا ایمان کی علامت ہے: مولانا شاہد علی ندوی

مہراج گنج (خصوصی نمائندہ): ماہِ رمضان المبارک کی بابرکت فضاؤں میں جہاں عبادتوں کی روشنی ہر دل کو منور کر رہی ہے، وہیں انسانیت کی خدمت کے ایمان افروز مناظر بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں معروف عالم دین مولانا شاہد علی ندوی نے ایک پُراثر اور جذباتی خطاب میں غریبوں، مسکینوں، یتیموں اور بیواؤں کا خاص خیال رکھنے کی تلقین کی، اور انس ویلفیئر ٹرسٹ کے بانی و صدر حافظ عبیدالرحمن حسینی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
مولانا شاہد علی ندوی نے فرمایا کہ رمضان المبارک ہمیں صرف عبادت کا نہیں بلکہ مجبور اور بے سہارا انسانوں کا سہارا بننے کا سبق دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی یتیم حسرت بھری نگاہوں سے دوسروں کو دیکھتا ہے، جب کوئی بیوہ اپنے بچوں کی بھوک سے بے قرار ہو کر آنسو بہاتی ہے، اور جب کوئی غریب اپنی مجبوری کو چھپا کر خاموشی سے زندگی گزار رہا ہوتا ہے، تو ایسے وقت میں اس کی مدد کرنا سب سے بڑی نیکی اور ایمان کی سچی علامت ہے۔
انہوں نے انس ویلفیئر ٹرسٹ اور اس کے بانی حافظ عبیدالرحمن حسینی کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے فرمایا: "حافظ عبیدالرحمن حسینی اور ان کی ٹیم جس خاموشی، اخلاص اور ہمدردی کے ساتھ غریبوں اور مسکینوں کی مدد کر رہی ہے، وہ یقیناً ایک عظیم خدمت ہے۔ کسی مجبور کے دروازے پر دستک دینا اور اس کی ضرورت پوری کرنا اللہ تعالیٰ کو بے حد محبوب عمل ہے۔ ایسے لوگ معاشرے کے لیے امید کی کرن ہوتے ہیں اور ان کی خدمات ہم سب کے لیے ایک مثال ہیں۔”
اس موقع پر حافظ عبیدالرحمن حسینی خود بھی مستحقین کے درمیان موجود رہے اور نہایت عاجزی کے ساتھ ان کی خیریت دریافت کرتے رہے۔ ان کی قیادت میں انس ویلفیئر ٹرسٹ کی ٹیم نے مختلف غریب اور ضرورت مند خاندانوں تک راشن پہنچایا۔ جب راشن کے تھیلے مستحقین کے ہاتھوں میں دیے گئے تو کئی آنکھیں نم ہو گئیں اور کئی لب دعاؤں کے لیے بلند ہو گئے۔ ایک ضعیف خاتون نے روتے ہوئے دعا دی: "اللہ آپ کو سلامت رکھے، آپ نے آج ہمارے گھر میں خوشی بھیجی ہے۔”
اس موقع پر حافظ عبیدالرحمن حسینی نے کہا کہ انس ویلفیئر ٹرسٹ کا مقصد صرف راشن فراہم کرنا نہیں بلکہ دکھی دلوں کو سہارا دینا اور معاشرے میں محبت، ہمدردی اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے اہلِ خیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور اس کارِ خیر میں تعاون کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ ضرورت مندوں کی مدد کی جا سکے۔
آخر میں مولانا شاہد علی ندوی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انس ویلفیئر ٹرسٹ، اس کے بانی حافظ عبیدالرحمن حسینی اور تمام معاونین کی خدمات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور انہیں دنیا و آخرت میں بہترین اجر عطا فرمائے۔ آمین۔

Related posts

جمہوریت کے مفہوم اور اس کے چیلنجز اور موجودہ دور میں اس کی اہمیت

Hamari Duniya News

سعودی عرب میں ملازمت کرنا ہوا مزید آسان، ’کفالہ نظام‘ ختم

admin@hamariduniyanews.com

ابوالفضل انکلیو ساؤتھ یونٹ کے زیراہتمام استقبالِ رمضان کارنرمیٹ کا تیسرا دن کامیابی سے منعقد

Hamari Duniya News