زاھد آزاد جھنڈانگری
جھنڈا نگر، 24 فروری(ایچ ڈی نیوز)۔ مولانا مشہود خاں نیپالی نائب صدر لمبنی مدرسہ بورڈ کے زیر اہتمام کرشنا نگر میں ایک تکریمی اعزازی نشست منعقد ہوئی جس کی صدارت عرش اسلم خان نے کی، مولانا مشہود خاں نیپالی نے یو پی مدرسہ بورڈ کے حال ہی اختتام پذیر ہونے والے امتحانات میں نیپالی طلبہ وطالبات کی شمولیت پر خوشی کا اظہار کیا اور ان طلبہ وطالبات کی سہولیات کے لئے سرحدی علاقے میں قریب واقع مدرسوں اور اسکولوں کو امتحانی مراکز بنانے پر یو پی مدرسہ بورڈ کے چیئرمین افتخار احمد خان، ڈائریکٹر ڈاکٹر پرنکا اوستھی، نائب ڈائریکٹر وجے پرتاپ یادو، سدھارتھ نگر اقلیتی امور کے افسر تنمے پانڈے وغیرہ کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا، خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کی کافی اچھے الفاظ میں ستائش کی، ان کے لئے نیک خواہشات وتمناؤں کا اظہارِ کیا۔
پروگرام میں بولتے ہوئے ڈاکٹر شہاب الدین مدنی استاد جامعہ سراج العلوم جھنڈا نگر نے کہا یہ مستحسن قدم ہے مسلمانوں کو چاہئے کہ اس سے بھر پور فائدہ اٹھائیں خاص کر جبکہ نیپالی حکومت نے مولوی اور عالم کی سند کو تسلیم کرلیا ہے، ہم یو پی سرکار اور مدرسہ بورڈ کے شکر گزار ہیں، اور امید کرتے ہیں کہ ان کا یہ تعاون مستقبل میں بھی ہر طرح کی سہولیات کے ساتھ برقرار رہے گا۔ پروگرام کے صدر مسٹر عرش نے کہا کہ لمبنی مدرسہ بورڈ کے ذمہ داران بحسن وخوبی اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اور یو پی مدرسہ بورڈ کا تعاون جو ہمارے ملک کے اسٹوڈنٹس کے ساتھ ہے وہ قابل تعريف ہے۔ اس پروگرام میں جامعہ خدیجہ الکبریٰ کے ذمہ دار محمد صاحب کی اس حوالے سے قابل قدر سرگرمی پر تکریم کی گئی۔
راشٹریہ مدرسہ سنگھ کے صدر ڈاکٹر عبد الغني القوفی نے اس موقعہ پر اپنے ایک پیغام میں مدرسہ بورڈ یوپی کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون کا نیپال کی مسلم اقلیت پر بہت مثبت اثر رہا ہے، اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں یہ رشتے مزید مضبوط ہونگے۔
پروگرام میں راشٹریہ مدرسہ سنگھ نیپال کے نائب صدر شیخ جیش مکی، مدرسہ زید بن ثابت کے پرنسپل حافظ طارق ریاض، جامع مسجد جامعہ سراج العلوم کے امام عبد المتین، کیف خان، عبد القادر، اقرار خان، نیاز دیوبندی، شہباز خان، اویس بیگ وغیرہ تشریف فرما تھے۔