نئی دہلی،03 مارچ(ایچ ڈی نیوز)
جماعت اہل حدیث کے معروف شعلہ بیاں خطیب اور مبلغ مولانا محمد جرجیس سراجی جلد ہی جیل سے باہر آئیں گے ۔اطلاع کے مطابق گزشتہ 14 فروری کو الہ آباد ہائی کورٹ میں مقدمے کی سماعت ہوئی تھی۔ سماعت کے وقت الہ آباد ہائی کورٹ کے جسٹس رام منوہر نارائن مشرا نے معاملے پر غور کیا ۔مولانا کے وکیل عبد اللہ سعود عثمانی نے پیروی کی ۔ مختلف ذرائع سے موصول اطلاع کے مطابق آج 03 مارچ 2023 کو عدالت نے مولانا جرجیس کی ضمانت کی اپیل منظور کر لی ہے اور وہ بہت جلد جیل سے باہر آئیں گے ۔
مولانا جرجیس کی ضمانت کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ان کے محبان اور چاہنے والوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے ۔اور ان کے وکیل عبد اللہ سعود عثمانی کی محنت اور کوشش کی ستائش کر رہے ہیں۔
مولانا جرجیس کی ضمانت پر معروف مقرر شیخ عبد الغفار سلفی نے سوشل میڈیا پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیخ نے جیل میں جو دن گزارے ہیں وہ جس قدر ان کے لیے اذیت ناک رہے ہیں اس سے کہیں زیادہ ان کے اہل خانہ، ان کے والدین، ان کے بیوی بچوں، ان کے محبین کے لیے صبر آزما رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ افسوس ہندوستان میں مسلمانوں کے تئیں انتہائی سنگین اور فرقہ وارانہ ماحول کے باوجود شیخ کے جیل جانے پر جس طرح بعض حلقوں میں خوشیاں منائی گئیں، مٹھائیاں تک بانٹی گئی اور ان کی اس مصیبت کو اپنے باطل عقائد کی تائید کے طور پر استعمال کیا گیا. اس سے زیادہ افسوسناک کچھ نہیں ہو سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم امید کرتے ہیں جلد ہی شیخ پر لگائے گئے الزامات کا بھی پردہ فاش ہوگا اور وہ اس پورے کیس سے باعزت بری بھی قرار دیے جائیں گے اور ان کے خلاف سازشیں رچنے والے اپنے انجام کو پہنچیں گے۔
واضح رہے کہ مولانا جرجیس کو مبینہ طور پر ایک عصمت دری کے معاملے میں گزشتہ سال ستمبر میں وارانسی کی ایک کورٹ نے دس سال کی سزا سنائی ہے ۔جس کے بعد سے مولانا گزشتہ تقریباً چھ ماہ سے جیل میں ہیں۔معاملے کی سماعت کے بعد اب رہائی کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔