اورنگ آباد، 14فروری (ایچ ڈی نیوز)۔
مشہور مصنف ،مؤرخ ،ایڈیٹر ماہنامہ’براہین‘ ڈائریکٹر شاہ ولی اللہ انسٹیٹیوٹ نئی دہلی مولانا عطاءالرحمن قاسمی کی اورنگ آباد آمد پر ریڈ اینڈ لیڈ فاو¿نڈیشن کے دفتر واقع مرزا ورلڈ بک ہاؤس قیصر کالونی اورنگ آباد میں’مصنف سے ملئے پروگرام‘ کا اہتمام کیا گیا تھا۔فاؤنڈیشن کے صدر مرزا عبدالقیوم ندوی نے اپنے افتتاحی کلمات میں کہا کہ جب بھی اورنگ آباد شہر میں ملک کی کوئی بڑی شخصیت، عالم دین، مصنف، مؤرخ شاعر، ادیب و صحافی آتے ہیں تو ان کی آمد پر مصنف سے ملئے پروگرام کا انعقاد کیا جاتا ہے اور مہمان کا شاہان شاہ استقبال کیا جاتا ہے۔
پروگرام میں شریک سینئر صحافی ابوبکر رہبر نے مہان کو شہر سے اور یہاں کی تاریخ و تہذیب، سماجی صورتحال سے واقف کروایا۔ انھوں نے یہاں کی علمءو ادبی شخصیات کے بارے میں بھی جانکاری دی۔ پروگرام کے آرگنائزر فاو¿نڈیشن کے صدر مرزا عبدالقیوم ندوی نے فاونڈیشن کےذریعے شہر میں جاری مریم مرزا کی تحریک محلہ محلہ لائبریریوں کی جانکاری دی۔
ڈاکٹر اشفاق اقبال نے کہا کہ شہر میں نوجوان نسل کو اپنی تہذیب و روایت سے آگاہ کروانے کے لیے کوشاں تنظیموں، انجمنوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اردو زبان و ادب کے حوالے سے شہر میں کئی لوگ کام کررہے ہیں۔
استقبال کے جواب میں مولانا عطاءالرحمن قاسمی ڈائریکٹر شاہ ولی اللہ انسٹیٹیوٹ نئی دہلی نے کہا کہ مجھے یہاں آکر یہاں کی تاریخی شخصیات اور مقامات کے بارے میں جان کر بڑی خوشی محسوس ہورہی ہے۔ تین دن سے میں شہر میں ہوں اور میں نے اورنگزیب عالمگیر کی مزار، غلام علی آزاد بلگرامی،شیخ اعلی حسن سنجزی کے روضہ پر حاضری دی۔ بی بی کے مقبرہ کے احاطہ میں واقع مولوی عبدالحق کے دفتر ، مولانا مودودی کے مکان کو بھی دیکھا۔ میں مجتبی فاروق،کاشف العلوم کے استاذ مولانا عبدالقدیر مدنی،ابوبکر رہبر اور مولانا مرزا عبدالقیوم ندوی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ ان کی وجہ سے میرا یہاں کا سفر کامیاب رہا۔پروگرام کی نظامت و شکریہ ڈاکٹر اشفاق احمد اقبال نے ادا کیا. جبکہ مولانا محی الدین نظام الدین ملی اور قاسمی صاحب کے فرزند عماد الرحمن نے مذاکرہ میں حصہ لیا۔