اورنگ آباد 22 فروری(ایچ ڈی نیوز)۔
عظیم مجاہد آزادی، بھارت رتن مولانا ابوالکلام آزاد کی 65 ویں برسی پر مولانا کے مشہور ہفتہ وار اخبار البلاغ کے 107سالہ قدیم اخبارات کی نمائش اور مذاکرہ کا اہتمام ریڈ اینڈ لیڈ فاؤنڈیشن کی جانب سے قیصر کالونی اورنگ آباد میں کیا گیا تھا۔ فاؤنڈیشن کے صدر مرزا عبدالقیوم ندوی نے افتتاح کلمات اور پروگرام کی غرض و غایت بتاتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ جدوجہد آزادی میں مولانا دلچسپ تاریخی کردار ادا کیا۔
نمائش کا افتتاح ڈاکٹر مظہر خان (کوہ نور ایجوکیشن سوسائٹی اورنگ آباد) نے کیا۔ ریڈ اینڈ لیڈ فاؤنڈیشن کے دفتر مرزا ورلڈ بک ہاؤس، قیصر کالونی درگاہ حضرت نظام الدین اولیاء کے سامنے مولانا ابوالکلام آزاد کی حیات و خدمات پر ایک مذاکرہ صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے منعقد کیا گیا تھا۔
مذاکرہ میں ڈاکٹر مظہر خان، شیخ ضیاء سر (پرائم سٹار انگلش سکول) کے ایم چشتی سر، خان جمیل احمد (ہیڈ ماسٹر امان اللہ موتی والا ہائی اسکول)، پروفیسر غنی پٹیل، مرزا سلیم بیگ (ٹیچرز ایسوسی ایشن)، محبوب پٹھان (میونسپل سکریٹری) ارشاد سر نے مولانا کی زندگی اور قوم کی تعمیر میں ان کے تعاون پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ ریڈ اینڈ لیڈ فاؤنڈیشن کے صدر مرزا عبدالقیوم ندوی نے کہا مولانا آزاد ایک عظیم انقلابی رہنما مجاہد آزادی، ہندوستان کے پہلے وزیر تعلیم اور ملک کے کئی اہم تعلیمی اداروں اکیڈمیوں ، آئی آئی ٹی، آئی آئی ایم، یو جی سی کے بانی و محرک تھے ۔ ڈاکٹر مظہر خان نے کہا آج بھارت رتن مولانا ابوالکلام آزاد کا 65 واں یومِ وفات ہے، وہ دو بار کانگریس پارٹی کے سب سے کم عمر قومی صدر رہ چکے ہیں۔
شرکائے مذاکرہ نے کہا کہ مولانا ابوالکلام آزاد کی زندگی پر کتابیں ہر زبان میں شائع ہونا ضروری ہے، خاص کر نوجوانوں کے لیے اپنے عظیم رہنماؤں کے کارناموں سے واقفیت ضروری ہے۔ پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے اقبال دیشمکھ، سید عابد نے محنت کی۔
