امپھال،16جون(ایچ ڈی نیوز)۔
منی پور میں بگڑتی ہوئی صورتحال ابھی تک قابو میں نہیں آئی ہے۔ دریں اثنا جمعرات کی رات پرتشدد ہجوم نے ایک بار پھر مرکزی وزیر مملکت برائے امور خارجہ راج کمار رنجن کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا۔ مشتعل ہجوم نے گھر کو آگ لگا دی جس سے وہ مکمل طور پر خاکستر ہو گیا۔مرکزی وزیر کی یہ رہائش گاہ امپھال مشرقی ضلع کے تحت کونگبا نندی بم لیکائی علاقے میں تھی۔ ایک دن پہلے امپھال میں منی پور حکومت میںوزیر نیمچا کپگن کی رہائش گاہ کو آگ لگا دی گئی تھی۔
وزیر خارجہ راج کمار رنجن سنگھ نے بتایا کہ میں اس وقت سرکاری کام کے سلسلے میں کیرالہ میں ہوں۔ شکر ہے کہ کل رات میرے امپھال گھر میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ شرپسند پیٹرول بم لائے تھے۔ میرے گھر کی گراونڈ فلور اور پہلی منزل کو نقصان پہنچا ہے۔ یہ دیکھ کر بہت افسوس ہوا کہ میری آبائی ریاست میں کیا ہو رہا ہے۔ میں اب بھی امن کی اپیل کرتا رہوں گا۔ اس قسم کے تشدد میں ملوث لوگ بالکل غیر انسانی ہیں۔
دراصل جمعرات کی رات تقریباً گیارہ بجے اچانک شدت پسندوں کا ایک ہجوم آیا اور وزیر رنجن سنگھ کی رہائش گاہ میں زبردستی داخل ہوگیا۔ ان کی املاک کو آگ لگانے کی کوشش کی۔ گیٹ پر تعینات ہاوس گارڈ بھی بھیڑ کو نہیں روک سکے۔ واقعہ کے وقت وزیر خود یا ان کا خاندان گھر میں موجود نہیں تھا۔ اسی دوران اس پر حملہ کر کے آگ لگا دی گئی۔
واقعے کے وقت وزیر کی رہائش گاہ پر سیکورٹی اسکارٹ اہلکار ، سیکیورٹی گارڈز اور اضافی گارڈز ڈیوٹی پر موجود تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر کی رہائش گاہ پر موجود ایک سیکیورٹی گارڈ نے بتایا کہ حملے کے دوران ہجوم کی جانب سے چاروں طرف سے پیٹرول بم پھینکے گئے۔ بھیڑ بہت زیادہ تھی اس لیے قابو نہیں کیا جا سکا۔ 3 مئی سے جاری جھڑپوں میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔