لالو پرساد یادو کے خلاف دوبارہ سی بی آئی جانچ کے فیصلے پر بیٹی روہنی اچاریہ سخت برہم
نئی دہلی،27دسمبر(ایچ ڈی نیوز)
جب سے مرکز میں بی جے پی کی حکومت اقتدار میں آئی ہے اس نے لگا تار غیر بی جے پی رہنماؤں اور لیڈروں کو ای ڈی ،سی بی آئی اور ایس آئی ٹی کے ذریعہ پریشان کرتی رہی ہے۔خاص طور پر ان رہنماؤں کو مسلسل نشانہ بنایا جاتا رہا ہے جو کھل کروزیر اعظم مودی کے خلاف آواز اٹھاتے رہے ہیں ۔بہار میں آر جے ڈی کے سرپرست اور بانی لالو پرساد یادو کا نام اس سلسلے میں سر فہرست ہے۔لالو پرساد یادو ان دنوں اپنے گردے کے ٹرانسپلانٹ کے لئے سنگاپور میں ہیں ،گزشتہ دنوں کامیاب آپریشن کے بعد منظر عام پر آئی ان کی تصویر میں وہ صحت مند نظر آ رہے تھے لیکن مرکزی حکومت نے ان کے خلاف ایک بار پھرریلوے پروجیکٹ سے متعلق پرانے معاملے میں دوبارہ تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔مرکز کے اس قدم کے خلاف لالو پرساد یادو کی بیٹی روہنی اچاریہ نے شدید حملہ کیا ہے ۔روہنی اچاریہ نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ “معافی ویروں کی اولادوں ! لالو جی کے اعتماد کو نہیں توڑ پاؤ گے، کیونکہ عوام اور جنتا جناردن کا آشیرواد لالو جی کے ساتھ ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ روہنی اچاریہ لالو یادو اور رابڑی دیوی کے نو بچوں میں سے چھوٹی بیٹی ہیں ،یہ وہی بیٹی ہیں جنہوں نے حال ہی میں اپنے والد لالو یادو کو اپنی کڈنی دی ہے ۔جس کے بعد ان کی لوگوں نے خوب تعریف کی اور بیٹیوں کے لئے فخر قرار دیا۔پیشہ سے ڈاکٹر ہیں ،انہوں نے 2002 میں امریکہ کے بیس سافٹ ویئر سمریش سنگھ سے شادی کی تھی ،وہ فی الحال سنگا پور میں ہیں ۔
اس معاملے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بہار کے نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو نے کہا کہ سی بی آئی اس معاملے کی پہلے بھی جانچ کر چکی ہے۔ میری اور لالو جی کی زندگی بالکل کھلی کتاب کی طرح ہے۔ ایک بار یا 10 بار چیک کریں لیکن مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ اس معاملے پر ہمیں کئی بار بیان ریکارڈ کرایا گیا ہے۔ میں نے ای ڈی، سی بی آئی کے تمام سوالات کا جواب دیا ہے۔بہار کی عظیم اتحاد حکومت نے بھی مرکز کے اس قدم کی تنقید کی ہے اور سی بی آئی پر سپریم کورٹ کے تبصرہ پنجرے میں بند طوطا کا یاد دلا کر تنقید کی ہے۔