پٹنہ ، 05 دسمبر (ایچ ڈی نیوز ):بہار کے سابق وزیر اعلی اور آر جے ڈی صدر لالو یادو کی کڈنی ٹرانسپلانٹ ہو گیا ہے۔ بیٹی روہنی آچاریہ نے سنگاپور کے ماؤنٹ الزبتھ اسپتال میں اپنا ایک گردہ عطیہ کر دیا۔ نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو کے ٹویٹ کے مطابق دونوں صحت مند ہیں۔ فی الحال لالو کو آپریشن تھیٹر سے آئی سی یو میں منتقل کیا گیا ہے۔
تیجسوی یادو نے ٹویٹ کرکے لالو پرساد کی صحت کے بارے میں جانکاری دی۔ ساتھ ہی انہوں نے لوگوں کو ان کی دعا کے لئے شکریہ ادا کیا۔ تیجسوی یادو نے ٹویٹ میں ایک ویڈیو کلپ بھی ڈالا ہے ، جس میں دیکھا جا رہا ہے کہ لالو پرساد کو آئی سی یو میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ ویڈیو میں تیجسوی یادو نظر آ رہے ہیں۔ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے تیجسوی نے لکھا-پاپا کا کڈنی ٹرانسپلانٹ آپریشن کامیاب ہونے کے بعد انہیں آپریشن تھیٹر سے آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا۔
ادھرروہنی آچاریہ نے آپریشن سے پہلے لوگوں سےاپنے والد لالو یادو کے لیے دعا کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ جنہوں نے لاکھوں لوگوں کو آواز دی وہ آج ان کے لیے مل کر دعا کریں۔ ساتھ ہی پیر کے روز صبح میں لکھا ’راک اینڈ رول کرنے کے لیے تیار، میرے لیے نیک خواہشات کا اظہار کریں۔‘
واضح ہو کہ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد کو سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے چارہ گھوٹالہ کے پانچ مختلف مقدمات میں سزا سنائی ہے۔ ہائی کورٹ نے ان تمام مقدمات میں سزا کی آدھی مدت پوری ہونے ، صحت کی وجوہات اور ان کی بڑھتی ہوئی عمر کو مدنظر رکھتے ہوئے ضمانت دی تھی۔ ابھی لالو پرساد ضمانت پر باہر ہیں۔