22.9 C
Delhi
February 9, 2025
Hamari Duniya
علاقائی خبریں

ادارہ خالد بن ولید میں تکمیل حفظ قرآن کی پروقار تقریب

Khalid Bin

 اعظم گڑھ ،عبد الرحیم شیخ ۔ ادارہ خالد بن ولید محمد پور میں بوقت :صبح دس بجے ، تکمیل حفظ قرآن کی ایک سادہ و پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں معروف علماء دین اور معزز مہمانوں نے شرکت کی، ادارے کے منتظمین ، اساتذہ اور طلبہ نے مہمانوں کا استقبال کیا،اس کے بعد مہمانوں نے اسکول کا معائنہ کیا اور تعلیمی وتربیتی پیش رفت کا جائزہ لیا، مہمانوں کو ادارے کے مختلف شعبوں کے تعلق سے معلومات فراہم کی گئیں ۔ بعد ازاں تکمیل حفظ کی تقریب منعقد ہوئی ،جس کی صدارت جامعہ حسینیہ کے سرپرست، فخر مشرق، مولانا توفیق احمد صاحب نے کی، مہمان خصوصی کے طور پر مفتی محمد شاہد صاحب قاسمی، امام و خطیب دوحہ قطر و مولانا محمد خالد صاحب قاسمی،(برقی علمی وادبی مجموعہ پاسبان علم وادب کے روح رواں ) شریک ہوئے۔

مدارس کے ذمہ داران، علماء کرام، اور حفظ قرآن مکمل کرنے والے طلبہ اور طالبات کے والدین،عزیز و اقارب کی بڑی تعداد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جسے شفاء ابو شحمہ (درجہ حفظ) نے نہایت خوش الحانی سے پیش کیا، نعت شریف رفیدہ بتول ( درجہ حفظ) نے پیش کی۔ تقریب میں چار طالبات :صفیہ معظم خان (محمد پور)، نوشین احسان (منگراواں)، مصباح فیاض (منگراواں)، معصومہ سرفراز (سرسال) جبکہ ایک طالب علم معاذ سرفراز (سرسال) نے حفظ مکمل کیا۔

تقریب کے دوران مفتی محمد شاہد صاحب قاسمی نے اپنے بیان میں اسکول کے ماحول کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آ کر بے حد خوشی محسوس ہوئی، انہوں نے مزید کہا کہ اسکول میں اسلامی ماحول کے ساتھ عصری تعلیم کا بہترین نظام دیکھ کر دل کو تسکین ملی، انہوں نے قرآن کریم کی حفاظت کے حوالے سے اللہ کے وعدے کا ذکر کیا اور کہا کہ قیامت تک اس مقدس کتاب کی حفاظت اللہ تعالیٰ خود فرمائیں گے۔

مفتی محمد شاہد احمد قاسمی نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ قرآن پاک آج تک محفوظ ہے اور اس کی تعلیم دینے والے اور سیکھنے والے دونوں کی حفاظت اللہ ہی کرتے ہیں،انہوں نے اس حقیقت کی طرف بھی اشارہ کیا کہ قرآن کریم کا حفظ اللہ کا معجزہ ہے، اور دنیا کی کتابوں کے برعکس، قرآن پاک کو حفظ کرنا ہمیشہ یاد رکھنا دونوں اسان ہے۔

مفتی محمد اشرف علی محمد پوری نے علمائے کرام کا مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ جب اللہ تعالیٰ کسی سے کام لیتے ہیں تو انہیں تخلیقی واختراعی ذہن،بلند ہمتی اور وسعت قلبی عطا فرماتے ہیں،حضرت مولانا توفیق احمد کو بھی اللہ تعالیٰ نے انہیں صفات سے نوازا ہے، حضرت مولنا کا دائرہ خدمت بہت وسیع ہے ،مساجد ،مدارس ،مکاتب،اعانت بیوگان، واصلاح بین الناس،آپ کے میدان کار ہیں،جن سے ایک بڑی تعداد کو نفع ہوا اور ہورہا ہے ،جس میں ہمارا ادارہ بھی شامل ہے،اس موقع پر مفتی صاحب نے کچھ اہم واقعات کا ذکر بھی کیا۔
اخیر میں صدر محترم حضرت مولانا توفیق احمد صاحب قاسمی، سرپرست جامعہ حسینیہ،کا خطاب ہوا جس میں انہوں نے ادارہ کی تعریف کی اور انہوں نے ادارہ کی تیز رفتار ترقی پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا:جو قوم کی خدمت کے لیے اخلاص کے ساتھ جدو جہد کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کے لیے ہر طرح کی مدد کے دروازے کھول دیتے ہیں اور مشکلات ہموار کر دیتے ہیں اور نہ صرف اپنے لوگوں سے بلکہ غیروں سے بھی ان کی مدد کرواتے ہیں ۔ نظامت کے فرائض مولانا طارق قاسمی نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیئے۔ تقریب کا اختتام مولانا توفیق احمد صاحب کی پرسوز دعا سے ہوا۔ بعد ازاں خالد بن ولید پبلک اسکول کے طلبہ کے درمیان حضرت مولنا مفتی محمد شاہد صاحب کا پرمغز خطاب ہوا،جس میں انہوں نے طلبہ کو تعلیمِ کے میدان میں آگے بڑھنے اور تعلیم کے ذریعے خدمت خلق کو اپنا مشن بنانے کی ترغیب دی ،آپ نے تربیتی پہلو پر بھی روشنی ڈالی اور بہت سی کارآمد نصیحتیں کیں،بالخصوص موبائل کو طلبہ کے لئے بے حد مضر قرار دیتے ہوئے اس سے دور رہنے کی تلقین کی۔ پروگرام کے اختتام پر تمام طلبہ نے علماء کرام سے سلام اور مصافحہ کیا ۔

Related posts

وزارت ثقافت اور وزارت سیاحت کے اشتراک سے 13واں ادبی میلہ ’جشن ادب‘ کا افتتاح

Hamari Duniya

وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں ’مودی متر‘ کانفرنس کا انعقاد

Hamari Duniya

انڈیا الائنس کی امیدوار اقرا حسن سمیت 160 افراد کے خلاف مقدمہ درج

Hamari Duniya