12.1 C
Delhi
December 13, 2024
Hamari Duniya
دہلی

امیر جماعت اسلامی ہند نے مصر میں اخوان رہنماؤں کی سزائے موت کی مذمت کی

Ameer e Jamaate Islami

نئی دہلی،13 مارچ (ایچ ڈی نیوز)۔

جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے مصر کی ایک عدالت کی طرف سے اخوان المسلمین کے رہنما محمد بدیع اور سات دیگر رہنماؤں کو سزائے موت سنائے جانے کے مبینہ حالیہ فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’ میں دل کی گہرائیوں سے اخوان المسلمین کے قائدین میں صبرو استقامت کے لئے دعا گو ہوں۔ جماعت اسلامی ہند اور ہندوستان کی مسلم برادری اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے ۔

اخوان المسلمون مصری عوام میں ایک مقبول ترین تحریک ہے جسے محمد مرسی کی حکومت کی برطرفی کے بعد بلا جواز نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ ان رہنماؤں کو سزائے موت کا فیصلہ محض اس وجہ سے سنایا جارہا ہے کہ وہ فلسطینی کاز کی غیر متزلزل حمایت کرتے رہے ہیں اور جمہوریت اور عدل و انصاف کے ساتھ مضبوط وابسگتی اور خطے میں عالمی سامراجی طاقتوں بالخصوص امریکہ اور اسرائیل کے مفادات کی راہ میں رکاوٹ بنے رہے۔ آج بھی اخوانی رہنماؤں کو خطے میں جو عوامی مقبولیت حاصل ہے ، اس سے استعماری طاقتوں پر خوف طاری ہے اور اسی وجہ سے ان اخوانی رہنماؤں کو آزمائشوں اور فتنوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے‘‘۔
امیر جماعت نے مزید کہا کہ ’’ ہم عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور انصاف کے علمبرداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان غیر منصفانہ فیصلوں کی مذمت کریں اور اخوان کے رہنماؤں کو درپیش مسائل اور ان کی رہائی کے لئے اجتماعی کوششیں کریں۔

جماعت اسلامی ہند ہمیشہ ہی انصاف، جمہوریت اور انسانی حقوق کے تحفظ کی حامی رہی ہے۔ ہم مظلوموں کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور انصاف و آزادی کے اصولوں کو خطرے میں ڈالنے والے کسی بھی غیر منصفانہ اقدامات کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے‘‘۔ میڈیا خبر کے مطابق مصری عدالت نے اخوان المسلمون کی سرکردہ شخصیات کو موت کی سزا سنائی ہے جن میں محمد بدیع، محمود عزت، محمد البلتاجی، عمر ذکی، اسامہ یاسین، صفوت حجازی، عاصم عبد المجید اور محمد عبد المقصود شامل ہیں ۔

Related posts

صحت کے میدان میں بنائیں کیریئر، ویژن 2026 آپ کو فراہم کررہا ہے موقع

Hamari Duniya

قومی اقلیتی کمیشن نے گروگرام میں انجمن جامع مسجد کا دورہ کیا، لوگوں سے امن کی اپیل

Hamari Duniya

معروف سیاسی لیڈر طارق صدیقی اے سی ایف سی (پونے) ایوارڈ سے سرفراز

Hamari Duniya