1.1 C
New York
فروری 10, 2026
Regional News علاقائی خبریںTop News

جامعۃ المؤمنات الاسلامیہ ،شہر پٹنہ و پھلواری شریف علاقہ کی ایک بڑی ضرورت ہے: مولاناشاہ بدر احمد مجیبی قادری ندوی

جامعۃ المؤمنات الاسلامیہ

پھلواری شریف پٹنہ، 08 فروری : جامعۃ المؤ منا ت الاسلامیہ عیسیٰ پور، پھلواری شریف.پٹنہ میں نہایت سادگی و پر وقار طریقہ سے ختم بخاری شریف و سالانہ انعامی مقابلہ کے عنوان سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں علماء کرام،دانشور حضرات،شہر پٹنہ و بہار، جھارکھنڈ و بنگال سے پڑھنے والی طالبات کے گارجین حضرات بڑی تعداد میں شریک ہوئے، پروگرام دو شفٹ میں ہوا،جس میں آٹھ(8) طالبات جامعہ، عالمیت+ میٹرک کرکے فارغ ہورہی ہیں اور چھ(6) بچیوں نے حفظ قرآن پاک کی تکمیل کی ہے،دن کے اجلاس کی صدارت و درس بخاری کا آخری سبق پڑھ کرحضرت مولاناشاہ بدر احمد مجیبی قادری ندوی صدر جمعیۃ علماء بہار، استاذ حدیث و فقہ خانقاہ مجیبیہ والمعہدالعالی امارت شرعیہ نے امام بخاری کی حیات و خدمات اور بخاری شریف کے مقام و مرتبہ پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور اپنے مبارک اسناد کا ذکرکرتے ہوئے طالبات جامعہ کوحدیث کی اجازت مرحمت فرمائی،۔

مولانا شاہ بدر احمد مجیبی خانقاہ مجیبیہ کی آبرو ہیں،اس وقت شیخ الحدیث خانقاہ مجیبیہ، استاذ حدیث و فقہ المعہد العالی امارت شرعیہ و صدر جمعیۃ علماء بہار ہیں۔

جامعۃ المؤمنات الاسلامیہمولانا نجیب الرحمٰن ندوی ناظم تعلیمات جامعہ اسلامیہ گھوریگھاٹ نے تلاوت قرآن پاک سے اس مبارک مجلس کا آغاز کیا۔جامعہ کی چھوٹی چھوٹی بچیوں نے پردہ میں رہ کر نعت،حمد،نظم،ترانہ اور بیت بازی وغیرہ پیش کیاجسے سامعین نے بہت پسند کیا،مولانا شہزاد اکرام ندوی نائب ناظم جامعۃ البنات رشیدیہ امراہا (گیا)نے جامعہ کا تعارف کراتے ہوئے فرمایا کہ آج سے پچیس (25)سال پہلے حضرت مولانا سید نظام الدین رحمہ اللہ نے جامعۃ البنات رشیدیہ امراہا،چاکند کی ذمہ داری لی اور 2014 میں جامعۃ المومنات کا خاکہ بنا کر مولانا عبدالواحد صاحب ندوی و قاسمی کو مکمل ذمہ داری سونپی،ان کے مضبوط بازو ان کے قریبی دوست،احباب وشاگردان ہیں جو اس وقت چھ(6) ادارہ کو سنبھالے ہوئے ہیں،آپ حضرات حضرت امیر شریعت سادس مولاناسید نظام الدین قدس سرہ کے بلندی درجات کیلئے دعا فرمائیں،یہ سارا دین کا کام ان کیلئے اور ان کی اہلیہ کیلئے ذخیرہ آخرت ہو۔اللہ تعالیٰ مولانا عبدالواحدندوی کوصحت دے اورعمر میں اور ان کے خیرکے کام میں برکت دے۔
مولانا نجیب الرحمٰن ندوی نے گھوریگھاٹ علاقہ و اداروں کا تعارف کرایا اور مشکل حالات میں حضرت امیر شریعت سادس رحمہ اللہ کی فکر مندی و خدمات کاذکر کیا اور طالب علمی میں ہی اپنے چھوٹے صاحبزادے مولانا عبدالواحد ندوی کو ان کاموں کی ذمہ داری سونپ دی،90/سال کی عمرتک حضرت اپنے وطن آتے رہے،ان ہی کی دعاؤں و حکمت عملی سے آج حالات خوشگوار ہیں اوراس پورے علاقہ میں دینی چہل پہل قائم ہے۔
خصوی مہمان ذی وقارامیر جماعت اسلامی بہارمولانا رضوان احمد اصلاحی نے جامعۃ المومنات کی خوبیوں اور انفرادیت کا ذکر کیااور فرمایا کہ میں یہ دوسری دفعہ حاضر ہورہاہوں،آج کے حالات میں اس طرح کے لڑکیوں کے ادارے کی ضرورت ہر شہر میں ہے،خواتین کی تعلیم و تربیت کا کام بے حد ضروری ہے،تاریخ اسلامی میں سیکڑوں ماؤں کاذکر آتا ہے کہ محض ان کی توجہ تربیت سے بڑی بڑی شخصیات پیدا ہوئیں، جنہوں نے اسلام کے جھنڈے کو سنبھالا،اس کی اشاعت کی اورکتنے علوم کو ترقی دی اور ان ماؤں کی تربیت سے اسلام کی خاطرجان و مال عزت و آبرو کی بڑی سے بڑی قربانی دینے والے جیالے پیدا ہوئے، آپ نے خود اما بخاری کی والدہ کا ذکر کیا،ان کی والدہ نہ ہوتیں تو اتنی اہم کتاب بخاری شریف نہ ہوتی،امام شافعی، امام مالک،امام احمد بن حنبل سے لے کر علامہ اقبال،مولانا ابو اکلام آزاد،ٹیپو سلطان،خواجہ معین الدین چشتی،اے پی جی عبدالکلام کتنوں کا نام لوں یہ سب نیک ماؤں کی دین ہیں،آج کے حالات میں ایسی ماؤں کی شدید ضرورت ہے،اگر خاتون متقیہ بن جائیں،داعیہ بن جائیں تو نسلیں دین و ایمان پر باقی رہیں گی ورنہ آج کا عصری تعلیمی ماحول ہمارے ایمان، ہماری تہذیب وثقافت زبان و ادب کو ختم کردیں گی،لہٰذا ایسے ادارہ کو تقویت پہونچانا ہماری ذمہ داری بنتی ہے،
ان کے بعدحضرت مولانا عبدالباسط ندوی سکریٹری المعہدالعالی امارت شرعیہ نے بہت جامع و مفصل گفتگو فرمائی،آپ نے ضرورت اور مقصد کو مثالوں سے سمجھایا،آپ نے فرمایا ساری گڑبڑی اس وجہ کر ہے کہ ہم نے ضرورت کو مقصد و منزل بنالیا ہے،اسلام نہ اچھا کھانے سے روکتا ہے اور نہ اچھا پہننے سے،اسی طرح مکان گاڑی،اے سی، وغیرہ کے استعمال سے بھی نہیں روکتا۔بس کلوا وشربوا ولا تسرفوا،کھاؤ پیو،زیادتی نہ کرو،دنیا کی ساری چیزیں ہماری ضرورت کیلئے ہیں،منزل آخرت ہے،ضرورت میں اس قدر نہ الجھ جاؤ کے منزل کو بھول بیٹھو۔
ماہر تعلیم خواجہ محمد طارق نے بتایا کہ میں عزیزی عبدالواحد کے کاموں کو قریب سے جانتا ہوں،یہ خاموشی سے اپنے والد کے بتائے ہوئے،طریقہ پر بڑا کام کررہے ہیں،میں آنکھوں دیکھی گواہی دے رہا ہوں،جس سے مجھے یقین ہے کہ ایک فرد بھی بڑا کام کرسکتا ہے بس نیت اللہ کی رضااور خوف خدا ہوتو،ایسے بندے کے کام میں اللہ برکت دیتاہے اور اسے افرادو اسباب مہیاکرتاہے،میں گھوریگھاٹ،امراہا کو دیکھ چکا ہوں اور جامعۃ المؤمنات میں تو آتا ہی رہتا ہوں۔مولانا عبدالواحد صاحب کے مکتب کے ساتھی مدرسہ محمدیہ کے استاذ مولانا اقبال حیدر ندوی نے اپنا تأثر پیش کرتے ہوئے فرمایا 7/ سال کی عمر میں، میں نے اپنی بڑی بچی کو اس جامعہ میں ڈالا تھا اس سال میری بچی بھی فارغ ہورہی ہے اور ایک بچی حفظ قرآن کررہی ہے، میں اس بات کو کہنا فرض سمجھتا ہوں کہ یہاں تعلیم،تربیت،سلیقہ مندی،داعیہ و مومنہ بنانے پر بڑی محنت کی جاتی ہے،تمام معلم،معلمات نیک سیرت و محنتی ہیں،تحفظ و پردہ کا خیال رکھاجاتا ہے،مولانا خود لگے رہتے ہیں ان کی اہلیہ کی بڑی قربانی ہے، انہیں اچھے وفادار اسٹاف مل گئے ہیں،اللہ انہیں صحت مند رکھے۔ یہ دن کا پروگرام حضرت مولانا بدر احمد مجیبی مدظلہ کی دعا پر ختم ہوا،پروگرام کے بعدسب کیلئے ظہرانہ کا اہتمام کیاگیاتھا۔

بعد مغرب خاص عورتوں کا پروگرام شروع ہوا جو گیارہ بجے شب تک جاری رہا،اس کی صدارت حضرت مولانا فصیح احمد نوراللہ مرقدہ (استھاواں)کی صاحبزادی مولانا اقبال حیدر ندوی کی والدہ محترمہ صفیہ خاتون نے کیا،تین روزہ انعامی مقابلہ اردو،ہندی،انگریزی زبانوں میں تقریر،حمد،نعت،نظم،قصہ گوئی،مکالمہ،ڈرامہ،ٹیبلو اور بیت بازی میں حصہ لینے والی تمام ہی طالبات کو گراں قدر انعامات و سند سے نوازہ گیا، فارغ ہونے والی بچیوں نے الوداعیہ نظم پڑھا جس سے سب کی آنکھیں بھر آئیں،اخیر میں پرنسپل کہکشاں اقبال فلاحی اور صدر جلسہ نے قیمتی نصیحتییں کیں اور دعا کے ساتھ جلسہ کے اختتام کا اعلان ہوا۔سبھی خاتون رات کا کھانا کھا کر رخصت ہوئیں،خواتین کی کثرت سے جگہ تنگ پڑ گئی جس سے ان کی دلچسپی کا اندازہ ہوتاہے،رات ہی میں بچیاں امتحان کا رزلٹ لے کر روانہ ہونے لگیں،جامعہ کا تعلیمی سال آج مکمل ہوگیا،اب 2/ اپریل کو جامعہ کھلے گا ان شا ء اللہ۔

Related posts

جیومارٹ کی ’گرینڈ ریپبلک سیل‘ شروع، ضرورت کے ہر سامان پر مل رہی ہے بمپر چھوٹ

Hamari Duniya News

یکساں سول کوڈ (ترمیمی) آرڈیننس، 2026 اتراکھنڈ میں نافذ

Hamari Duniya News

عالمی اردو کانفرنس : اردو اور اس کے مصنفین نے دیگر زبانوں اور تہذیبوں کو بھی متاثر کیا: امتیاز حسنین

Hamari Duniya News