توہین رسالت اور ملک میں بڑھتی ہوئی منافرت کے خلاف سرکار سے کارروائی کا مطالبہ، امت کے نوجوانوں سے ملکی اور غیر ملکی سازشوں سے ہوشیار رہنے کی اپیل
نئی دہلی ،10فروری(ایچ ڈی نیوز)۔
آج یہاں دہلی کے رام لیلا میدان میں جمعیة علماءہند کا 34واںاجلاس عام صدر جمعیة علماءہند مولانا محمود اسعد مدنی کے ہاتھوں پرچم کشائی سے شروع ہوا۔اس موقع پر مولانا قاری احمد عبداللہ نے ترانہ جمعیة بہت ہی پر اثر آواز میں پیش کیا۔بعد ازاں مولانا قاری محمد آصف استاذ دارالعلوم وقف دیوبند کی تلاوت کلام پاک کے بعد مولانا امین الحق عبد اللہ اسامہ صاحب کانپوری کی بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ وسلم میں ہدیہ نعت پاک پیش کیا۔اجلاس کی تحریک صدارت مولانا افتخار احمد صدر جمعیت علمائے کرناٹک نے پیش کرتے ہوئے مولانامحمود اسعد مدنی کانام پیش کیا۔ مختلف ریاستی صدور نے جس کی بھرپور تائید کرتے ہوئے اسے کامیابی کا استعارہ قرار دیا۔
مولانا حکیم الدین قاسمی ناظم عمومی جمعیت علمائے ہند نے سکریٹری رپورٹ پیش کرتے ہوئے دیوبند کی منتظمہ سے تا حال جمعیت کی خدمات و کارناموںکا اشاریہ پیش کیا۔ اس کے علاوہ اجلاس کی اس پہلی نشست میں مختلف تجاویز پیش کی گئیں جن میںملک میںبڑھتی ہوئی منافرتی مہم اور اسلامو فوبیا کے انسداد،انتخابات میں ووٹروں کے اندراج اور شرکت کو یقینی بنانے کے لیے موثر اقداما ت ،ماحولیات کے تحفظ،میڈیا کے ذریعہ اسلام مخالف اور حضورﷺ کی شان میں گستاخی، افترا پردازی کے انسداد، مسلم اوقاف کے تحفظ کی تدابیر،اور اِسلامی تعلیمات کے سلسلے میں غلط فہمیوں کے اِزالہ اور اِرتدادی سرگرمیوں کے اِنسداد کی تجاویز اہمیت کی حامل ہیں۔ملک میں بڑھتی ہوئی منافرتی مہم اور اسلاموبیا کے انسداد کی تجویز میں کہا گیا کہ آج ہمارے ملک میں اِسلامو فوبیا اور مسلمانوں کے خلاف نفرت و اشتعال انگیزی کے واقعات میں لگاتار اضافہ ہورہا ہے ۔ سب سے زیادہ افسوس کا مقام یہ ہے کہ یہ سب چیزیں سرکار کی نگاہوں کے سامنے ہورہی ہیں ، مختلف بین الاقوامی اداروں ، بھارت کی سول سوسائٹیوں کی رپورٹس اور سپریم کورٹ کے انتباہ کے باوجود ارباب اقتدار نہ صرف ان واقعات کے سد باب سے گریزا ں ہیں بلکہ کئی بی جے پی رہنماﺅں ، ممبران اسمبلی اور ممبران پارلیامنٹ کے نفرت پر مبنی بیانات سے ملک کی فضا لگاتار مسموم ہورہی ہے ۔جن کے باعث ملک کے معاشی وتجارتی نقصان کے علاوہ ملک کی نیک نامی بھی متاثر ہورہی ہے۔ایسی صورت حال میں ملک کی سالمیت اور نیک نامی کے حوالے سے جمعیة علماءہند حکومت ہند کو متوجہ کرنا چاہتی ہے کہ وہ فوری طور سے ایسے اقدامات پر روک لگائے، جو جمہوریت، انصاف و مساوات کے تقاضوں کے خلاف اور اِسلام دشمنی پر مبنی ہیں۔ نفرت پھیلانے والے عناصر اور میڈیا پر بلاتفریق سخت کارروائی کی جائے بالخصوص سپریم کورٹ کی واضح ہدایات کی روشنی میں لا پروائی برتنے والی ایجنسیوں پر ایکشن لیا جائے اورشرپسندوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔لاءکمیشن کی سفارش کے مطابق تشدد پر اکسانے والوںکو خاص طور پر سزا دےنے کے لیے ایک علاحدہ قانون وضع کیا جائے اور سبھی اقلیتوں؛ بالخصوص مسلم اقلیت کو سماجی واقتصادی طور پر الگ تھلگ کرنے کی کوششوں پر روک لگائی جائے۔
جمعیة علماءہند کا یہ اجلاس عام تمام انصاف پسند جماعتوں اور ملک دوست اَفراد سے اپیل کرتا ہے کہ رد عمل اور جذباتی سےاست کے بجائے متحد ہوکر شدت پسند اور فسطائی طاقتوں کا سیاسی اور سماجی سطح پر مقابلہ کریں اورملک میں بھائی چارہ، باہمی رواداری اور اِنصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن جدوجہد کریں۔ جمعیة علماءہند اُمت کے نوجوانوں اور طلبہ کی تنظیموں کو خاص طور سے متنبہ کرتی ہے کہ وہ اندرونی وبیرونی وطن دشمن عناصر کے براہ راست نشانے پر ہیں، انھیں مایوس کرنے ، بھڑکانے اور گمراہ کرنے کا ہر حربہ استعمال کیا جارہا ہے، اِس لیے حالات سے ہرگز مایوس نہ ہوں اور نہ ہی صبر وہوش کا دامن چھوڑیں۔ جو نام نہاد تنظیمیں اسلام کے نام پر جہاد کے حوالے سے انتہا پسند ی اور تشدد کا پرچار کرتی ہیں اور قومی سلامتی کے زاویے سے ایجنسیوں کی نظر میں قابل گرفت اور مشتبہ ہیں ، ان سے بیزاری اور دوری بنائے رکھنا ہمارے نوجوانوں اور طلبہ کے تحفظ اور کیرئیر کے لیے بے حد ضروری ہے ۔جانے انجانے میں ذرا سی غفلت ان کی پوری زندگی کو تباہ کرسکتی ہے ۔ایسی جماعتوں ،گروہوں اور پیجز کی نشاندہی کی جائے جن کی طرف سے لگاتار ایسے مذہبی اشتعال انگیزی کے مواد شائع ہوتے ہیں اور ان پر مکمل پابندی عائد کی جائے ۔اجلاس میں اس عرصے میں انتقال کرجانے والی ملک اور بیرون ملک کی اہم شخصیات پر تجاویز تعزیت پیش کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔
اس اجلاس میں ہزاروںمرکزی و ریاستی اراکین منتظمہ اور مرکزی اراکین مجلس عاملہ کے علاوہ جن ریاستی صدور و نظما نے شرکت کی، مفتی محمد سلمان بجنوری نائب صدر جمعیة علماءہند ، مولانا سلمان منصورپوری امیر شریعت ، مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی امیر جمعیت اہل حدیث ہند، کمال فاروقی ،مفتی سید محمد عفان منصور پوری ،مولا نا مفتی افتخار احمد صاحب صدر جمعیتہ علماءکرناٹک ،مولانا مفتی عبدالسلام ناظم اعلی جمعیة علماءمغربی بنگال،مولانا بدرالدین اجمل قاسمی ، ساجد قریشی بھوپال ،مفتی شمس الدین ببجلی ناظم اعلی جمعیة علماءکرناٹک ،مفتی جاوید اقبال صدر جمعیة علماءبہار، مولانا رحمت اللہ میر کشمیری حاجی ہارون صدر جمعیة علماءہند، مولانا صدیق اللہ چودھری ، مولانا عبدالرب اعظمی، مولانا محمد مدنی ، نظامت کے فرائض مفتی محمد عفان صاحب نے انجام دیے۔