نئی دہلی (ایچ ڈی نیوز)۔
جمعیة علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے سیرت کے ایک پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت ہمیں تعلیم دیتی ہے کہ کسی حالت میں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ صبر سب سے بڑاہتھیار ہے جس کا مطلب ہے کہ ہر حال میں مشقتوں اورآزمائشوں کو برداشت کرتے ہوئے اپنے عقیدے پر قائم رہنا ہے۔انھوں نے کہا کہ صبر کا مطلب بزدل ہونا ہرگز نہیں بلکہ اپنے نظریے اور اعمال پر ڈٹے رہنا صبر ہے۔انھوں نے اپنے خطاب میں اکابرجمعیة علماءہند کی قربانیوں کا بھی تذکرہ کیا ، خاص طور سے حضرت شیخ السلام مولانا حسین احمد مدنی ؒ کے حالات زندگی اور اس سے حاصل ہونے والے امید افزا پیغام کی روشنی میں عوام کی ہمتوں کو بڑھایا۔مولانا نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے مکاتب کے قیام کی طرف توجہ دلائی کہ اس زمانہ میں ہم اپنے اپنے علاقوں میں زیادہ سے زیادہ مکاتب قائم کریں اور اس سلسلہ میں علماء اور ذمہ داران مدارس کا ہر قسم کا تعاون کرنے کی اپیل کی۔
واضح ہو کہ ریاست تلنگانہ کے ضلع سنگاریڈی میں قائم کردہ ادارہ امدادالعلوم نارئن کھیڑ کے زیر اہتمام سیرت النبی وجلسہ تکمیل حفظ قرآن کے عنوان سے گیارہواں اجلاس منعقدہوا جس کی صدارت جنوبی ہند کے بافیض عالم دین عارف بااللہ مولانامحمد عبدالقوی ناظم ادارہ ہذا نے کی۔اس پروگرام کی جملہ تین نشستیں رکھی گئی تھیں پہلی نشست صبح دس بجے تا نماز ظہر منعقد ہوئی جس میں ادارہ کے طلبہ کرام اور قرب وجوار کے مکاتب کے بچوں کا نہایت متا ثر کن تعلیمی مظاہرہ پیش کیا گیا۔
اپنے صدارتی خطاب میں مولانا مفتی محمد عبدالقوی نے ابتداءمیں طبیب الملت حضرت حکیم کلیم اللہ دامت برکاتہم مقیم علیگڑہ کا ایک نہایت اہم پیغام سارے حاضرین کے نام پڑھ کر سنایا بعدہ ادارہ کی خدمات اور کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد زندگی کی حقیقت اور موت کی تیاری کے عنوان پر آنکھوں کو کھولدینے والا اور نہایت عبرت انگیز خطاب فرمایا۔اس کے بعد ضلع ظہیراباد کے معروف عالم دین مولانا عتیق الرحمن قاسمی کا علاقے کے لوگوں کے ماحول ومزاج کی رعایت کے ساتھ عام فہم زبان میں خطاب ہوا۔مہمان مقرر مولانا انیس احمد آزاد قاسمی بلگرامی دہلی نے بھی نہایت بصیرت افروز خطاب فرمایا جس میں انہوں نے سیرت کے مختلف گوشوں کو قرآن کی تفسیر کے مطابق بیان کیا بالخصوص ازدواجی اور معاشرتی زندگی کے فساد اور اس کے سد باب پر بہت ہی جامع خطاب فرمایا۔دیگر خطاب میں کرنے والوں میں مفتی محمد عبدالملک انس قاسمی ، مولانا سلیمان اجمل مظاہری کے نام خاص طور سے قابل ذکر ہیں۔حضرت مولانا محمد عبدالقوی صاحب کی رقت انگیز دعاء پر یہ عظیم الشان پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔اس پروگرام کی نظامت مفتی عبدالرحمن محمد میاں قاسمی نے کی۔ادارہ کے اساتذہ وعملہ اور ارکان ٹرسٹی بالخصوص مفتی عبدالبصیر عبید ،مولانا نصیر الدین، حافظ سجاد وغیرہ نے مسلسل محنتیں کرکے اس اجلاس کو کامیاب بنایا۔
previous post