کاٹھمنڈو( نیپال)، 2مئی: حج اسلام کے بنیادی ارکان میں سے ایک اہم اور پانچواں رکن ہے۔ دیگر عبادات مثلاً نماز اور روزہ کی طرح حج بھی اوقات کی قید کے ساتھ مقید ہے۔ چناں چہ شریعت کی اصطلاح میں حج کی تعریف یوں ہے: مخصوص ایام(8/ تا 12/ ذی الحجہ)میں مخصوص افعال واعمال کی ادائیگی کے لیے مخصوص مقامات (منی، عرفات، مزدلفہ اور مکہ مکرمہ)کی زیارت کا نام حج ہے۔
حج کی فرضیت قرآن وسنت سے صراحتاً ثابت ہے۔ حج ہر مسلمان پر مطلقاً فرض نہیں ہے ،بل کہ صرف صاحبِ حیثیت مسلمان پر ہی’حج’ فرض ہے۔ یقینا حج کے لیے سفر کرنے والوں میں ایک بڑا طبقہ ناخواندہ کا ہوتاہے،جنھیں ‘تلبیہ’تک بھی یاد نہیں ہوتاہے۔تو ایسے مرد وخواتین کے لیے ہر سال ملک نیپال کے مختلف اضلاع میں جمعیت علمائے نیپال کے زیرِ اہتمام متعدد تربیتی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں،جن کے ماضی میں اچھے نتائج مرتب ہوئے ہیں۔اس لیے حسبِ روایت امسال بھی جمعیت علمائے نیپال کے جنرل سکریٹری مولانا قاری محمد حنیف عالم مدنی،نائب صدر مولانا محمد شفیق الرحمن قاسمی اور مرکزی رکن مولانا محمد عزرائیل مظاہری اور ضلعی جمعیت: جمعیت علمائے روتہٹ نیپال کے ذمے داران: مولانا محمد خیر الدین مظاہری(جنرل سکریٹری) مولانا محمد جواد عالم مظاہری(نائب صدر) مولانا انوار الحق قاسمی(ترجمان جمعیت) مولانا محمد صابر علی مظاہری(خازن جمعیت)نے آپسی مشوروں کے ذریعے ضلع روتہٹ کے عازمینِ حج کے لیے یک روزہ تربیتی پروگرام کا فیصلہ کیاہے۔
واضح رہے کہ یہ یک روزہ تربیتی پروگرام 6/مئی(سوموار)کو “معہد ام حبیبہ للبنات جینگڑیا روتہٹ نیپال” کے احاطہ میں بوقتِ صبح آٹھ بجے تا نمازِ عصر منعقد ہوگا۔ اس لیے امسال ضلع روتہٹ سے حج پر جانے والے تمام بافیض حضرات سے گزارش ہے کہ 6/مئی(سوموار) کو صبح سات بجے’ معہد ام حبیبہ للبنات جینگڑیا روتہٹ نیپال’ میں ضرور تشریف لائیں۔ آپ کو اس تربیتی پروگرام میں حج سے متعلق جملہ ضروری افعال واعمال کی زبردست ٹریننگ دی جائے گی،جس کی بناء آپ کو ایام حج میں مناسکِ حج ادا کرنے میں بڑی سہولت ہوگی۔
