27.1 C
Delhi
October 13, 2024
Hamari Duniya
Breaking News قومی خبریں

جمعیۃ علماء ہند کا رام لیلا میدان سے مذہبی منافرت اور فرقہ واریت کے خلاف اعلان جنگ

Jamiat Ulama e Hind
نئی دہلی، 12 فروری (ایچ ڈی نیوز)۔
جمعیۃ علماء ہند کے 34ویں اجلاس عام کے اختتام کے بعد قوم کے نام جاری ایک پیغام میں کہا گیا ہے کہ جمعیۃ علماء ہند مذہبی منافرت اور فرقہ واریت کو پورے ملک کے لیے نقصان عظیم تصور کرتی ہے جو ہماری دیرینہ وراثت سے میل نہیں کھاتی ۔ یہ پیغام آج دہلی کے رام لیلا میدان میں لاکھوں کے مجمع کے سامنے جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے پڑھ کر سنایا، جہاں سبھی مذاہب کے رہ نما موجود تھے ۔
اس سے قبل دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے باـضـابطہ عہدنامہ پیش کیا ، جس کی لفظ بہ لفظ دوہرا کر پورے مجمع نے کھڑے ہو کر تائید کی ۔اس اجلاس کی صدارت مولانا محمود اسعد مدنی نے کی، رام لیلا میدان کھچا کھچ بھرا ہوا تھا جہاں دو لاکھ لوگ موجود تھے ۔لوگوں نے عہد لیا کہ وہ مذہبی رہنمائوں اور مقد س کتابوں کی کبھی توہین نہیں کریں گے ، ہنسا اور نفرت سے سماج کو آزاد کریں گے اوردیش کی رکشا ، سرکشا ، مان سمان او راکھنڈتا کے لیے پریاس کریں گے ۔
Maulana Mehmood Madni
  قوم کے نام جاری پیغام میں مزید کہا گیا کہ مختلف مذاہب کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ رشتے ہمارے معاشرے کی قابل فخر اور پائیدار خصوصیات ہیں۔ان رشتوں میں دراڑ پیدا کرنا قومی جرم ہے۔تمام انصاف پسند جماعتوں اور ملک دوست اَفراد کو چاہیے کہ متحد ہوکر شدت پسند اور تقسیم کرنے والی طاقتوں کا سیاسی اور سماجی سطح پر مقابلہ کریں اورملک میں بھائی چارہ، باہمی رواداری اور اِنصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن جدوجہد کریں۔
پیغام میں بالخصوص نوجوانوں کو متنبہ کیا گیا کہ وہ ہمارے وطن کے داخلی اور خارجی دشمنوں کے براہ راست نشانے پر ہیں، انھیں مایوس کرنے ، بھڑکانے اور گمراہ کرنے کا ہر حربہ استعمال کیا جارہا ہے،انھیں نہ تو مایوس ہونا چاہیے اور نہ ہی صبر وہوش کا دامن چھوڑنا چاہیے ۔ جو نام نہاد تنظیمیں اسلام کے نام پر جہاد کے حوالے سے انتہا پسند ی اور تشدد کا پرچار کرتی ہیں وہ نہ ملک کے مفاد کے اعتبار سے اور نہ ہی مذہب اسلام کی رو سے ہمارے تعاون اور حمایت کی حق دار ہیں۔اس کے برخلاف وطن کے لیے جاں نثاری ، وفاداری اور حب الوطنی ہمارا ملکی و دینی فریضہ ہے ، ہمارا دین اور ہمارا ملک سب سے پہلے ہے، یہی ہمارا نعرہ ہے ۔بھارت، تنوعات اور تکثیری معاشرے کا حامل خوبصورت ملک ہے ،اس کی خصوصیات میں سے بڑی خصوصیت تمام افکار و اعمال اور مراسم کے حامل لوگوں کو اپنی مرضی کی زندگی گزارنے اور نظریے پر چلنے کی آزادی ہے، اسے بچانے کے لیے گاندھی جی وغیرہ نے ان تھک کوششیں کی ہیں۔اس کے مدمقابل کبھی اسلام، کبھی ہندو تو اور کبھی عیسائیت کے نام پر جس جارحانہ فرقہ واریت کو فروغ دیا جارہا ہے ، وہ ہرگز اس ملک کی مٹی اور خوشبو سے میل نہیں کھاتی۔ ہم یہاں یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ آرایس ایس اور بی جے پی سے ہماری کوئی مذہبی یا نسلی عداوت ہرگز نہیں ہے بلکہ ہمارا اختلاف نظریے پر مبنی ہے۔ ہماری نظر میں بھارت کے سبھی مذہبوں کے ماننے والے چاہے وہ ہندو ہوں،یا مسلمان یا پھر سکھ، بودھ ، جین ، عیسائی سبھی برابر کے شہری ہیں، ہم انسان کے درمیان کوئی فرق نہیں کرتے اور نہ نسلی برتری کو تسلیم کرتے ہیں۔ آرایس ایس کے سر سنگھ چالک کے حالیہ ایسے بیانات کا جن سے باہمی میل جول اور قومی یک جہتی کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے ، ہم استقبال کرتے ہیں۔
عدالتوں کے موجودہ کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا گیا کہ کچھ عرصے سے یہ تاثر عام ہورہا ہے کہ عدالتیں ریاست کے دبائو میں کام کررہی ہیں ، یہ صورت حال ہرگز قابل قبول نہیں ہے۔ عدالت آزاد نہیں تو ملک بھی آزاد نہیں ۔
  پیغام میں بالخصوص ملک میں جاری پسماندہ مسلم کے بحث پر کہا گیا کہ اسلام کی واضح تعلیمات مساوات اور نسلی عدم تفریق پر مبنی ہیں ، لیکن اس کے باوجود مسلمانوں میں پسماندہ برادریو ں کاوجود زمینی حقیقت ہے ۔اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ پسماندہ برادریوں کے ساتھ امتیازی سلوک مذہبی ، اخلاقی او ر انسانی نقطہ نظر سے قابل مذـمت ہے۔اجلاس عام کے موقع پر ہم یہ اعلان کرنا چاہتے ہیں کہ جو زیادتیاں ذات پات کے نام پر ہوئی ہیں ، ان پر ہمیں شرمندگی ہے اور ان کو دور کرنے کا ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم مسلمانوں میں معاشی ، سماجی ،تعلیمی ہر زاویے سے مساوات قائم کرنے کی ہر ممکن جد وجہد کریں گے۔پسماندہ برادریوں کو ترقی دینے کے لیے سرکار نے ابھی حال میں جو بیان دیا ہے ، اس کے لیے ہم ان کو مبارک بادیتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ان کی فلاح و بہبود کے لیے جلد عملی اقدامات کیے جائیں گے ۔
معاشی ابتری، مہنگا ئی اور بیروزگاری ہمارے ملک کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے ۔غریبی اور بے روزگای کی موجودہ شرح کو دیکھتے ہوئے ہماری ترقی کے تمام دعوے جھوٹے اورکھوکھلے ہیں ۔عورتوں کے حقوق کو لے کر پیغام دیا گیا کہ ہم مسلمانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ عورتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے ساتھ منصفانہ برتائو کے لیے اسلامی شریعت کے مقرر کردہ کوڈ کو عملی طورپر نافذ کریں ۔میراث کی تقسیم میں عورتوں کو محروم رکھنا ، طلاق دینے اور نان ونفقہ کے سلسلے میں اسلامی احکام کی خلاف ورزی اور عام طور پر معاشرے میں ان کے ساتھ ناانصافی کے خلاف خود مسلمانوں کو پورے ملک میں تحریک چلانے اور ضروری اصلاحات کرنے کی سخت ضرورت ہے تاکہ ہمارے پرسنل لا میں مداخلت کی گنجائش نہ رہے ۔
اس پیغام سے قبل  ہندو، سکھ، عیسائی اور بدھ مذاہب کے قومی رہ نمائوں نے خطاب کیا۔سوامی چدانند سرسوتی مہاراج، صدر پرمارتھ نکیتن رشی کیشنے مسائل کو مشترکہ طور سے حل کرنے کی دعوت دی۔ انھوں نے کہا کہ دو باتیں ہیں ، ایک یہ ہے کہ ہم پیار سے جئیں اور دوسرا ہے کہ ہم لڑ کر جئیں، لیکن ہمارا تجربہ ہے کہ لڑ کر ہم نے کچھ حاصل نہیں کیا۔لڑنے کی وجہ سے ملک دو حصوں میں بنٹ گیا ۔اس لیے میں کہتا ہوں کہ ماضی کو بھلادیں اور پیار و محبت سے رہیں۔ انھوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ان تنظیموں میں سے ہے کہ جب ملک کی تقسیم کی بات آئی ، تو اس نے شدت سے مخالفت کی۔آج کے دور میں ہمیں یکتا کی حفاظت کرنی ہے اور اس دیش کی تقدیر اور تصویر بدلنی ہے۔انھوں نے پیار ومحبت سے رہنے کی تلقین کی اور مولانا مدنی کے بیانوں کی جم کر تعریف کی۔
قبل ازیں امیر الہند مولانا سید ارشد مدنی صدر جمعیۃ نے کہا کہ 1400 سال سے ملک کے ہر گاؤں میں ہندو اور مسلمان ایک ساتھ رہ رہے ہیں۔ ان کے درمیان کبھی کوئی اختلاف نہیں ہوا اور نہ ہی کسی کو مذہب تبدیل کرنے پر مجبور کیا گیا ۔ انھوں نے کہا کہ اللہ نے آخری نبی کو سرزمین عرب پر بھیجا، اسی طرح سرزمین ہند پر پہلے نبی حضرت آدم علیہ السلام کا نزول ہوا۔ آدم وہ پہلے آدمی تھے جو آسمان سے آئے۔ انھوں نے کہا کہ میں فرقہ واریت کے خلاف رہا ہوں اور یہ بھی مانتا ہوں کہ جو فرقہ پرست ہے وہ ملک دشمن ہے۔ ایسے میں مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ گھر، دکان، بازار، کھیت جہاں کہیں بھی ہوں محبت کا پیغام پھیلائیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ ملک کو نفرت کے دور سے نکالے۔
دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے عوام سے اپیل کی کہ اجلاس کی تمام تجاویز کو پورے ملک میں پھیلائیں اور انھیں عملی جامہ پہنائیں۔انھوں نے کہا کہ جتنے کام کیے جارہے ہیں یہ سب تدابیر ہیں، تدابیر میں جان ڈالنے کے لیے ہمیںاللہ کو راضی کرنا ہے اور معاشرے کے اندر پھیلی ہوئی برائی کو مٹانے کی کوشش کرنا ہے ۔ مولانا محمد سلمان بجنوری نائب صدر جمعیۃ علماء ہند و استاذ دارالعلوم دیوبند نے کہا کہ اعلامیہ کے مطابق ہم سب کو کام کرنا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ مختلف مذاہب والوں کو ڈائیلاگ میں حصہ لے کر اپنے مسائل کو حل کرنا چاہیے۔ انھوں نے بتایا کہ ڈائیلوگ ایک بڑی طاقت ہے ، اسے نظرانداز کرکے آگے نہیں بڑھا جاسکتا۔مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی صدر جمعیت مرکزی اہل حدیث ہند نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارا ملک آج جس نازک دور سے گزر رہا ہے، اس میں اس بات کی ضرورت ہے کہ ملت کے دانشوران سر جوڑ کر اکٹھے ہوں اور ملک و ملت اور انسانیت کو درپیش مسائل سے متعلق خون جگر جلا کر اپنے اسلاف کے کارناموں کو سامنے رکھ کر حقیقی اقدام کریں۔
دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا سفیان قاسمی نے کہا کہ ملک کی جو صورت حال ہے وہ بے حد تشویش ناک ہے ، اس وقت جس بیدار معزی کے ساتھ جمعیۃ علماء ہند نے قوم کو رہ نمائی کا کام کیا ہے ، وہ قابل تعریف ہے ، انھوں نے کہا کہ اپنی مرکزیت کو اپنے قول و فعل سے مضبوط کریں، کیوں کہ مرکزیت سے ا لگ رہ کر ہماری آواز بے معنی رہے گی اور نہ ہم کسی پر اثرا نداز ہو سکتے ہیں۔ انھوں نے اپنی طرف سے اور اپنی جماعت کی طرف سے جمعیۃ کی تجاویز کی تائید کی۔ انھوں نے کہا کہ حالات کوئی نئے نہیں بلکہ ہر دور میں آئے ہیں، لیکن اصحاب عزیمت نے ہر دور میں سہارا دیا۔ نائب امیر الہند مولانا مفتی محمد سلمان منصورپوری استاذ دارالعلوم دیوبند نے تلقین کی کہ مسلمانوں کو موجودہ حالات و مصائب سے گھبرانے کے بجائے اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنا چاہیے ۔
فرید نظامی درگاہ حضرت نظام الدین محبوب اولیاء نے آج کے اجلاس کے ایجنڈا کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اوقاف کا تحفظ بہت ضروری ہے آج ہمارے پاس چھ لاکھ سے زائد پراپرٹی ہمارے ہیں، مگر حقیقت میں ان میں سے زیادہ اپنے مقصد میں استعمال نہیں ہورہے ہیں۔امیر الحسن نے اس ملک کو راہ دکھائیں گے، انھوں نے جمعیۃ کی طرف سے پیش کردہ لائحہ عمل کی تائید کی۔ انھوں نے کہا کہ اس ملک میں مسلمانوں کی ایک شاندار تاریخ رہی ہے، اس لیے ہماری بہت بڑی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم اچھا سے اچھا کردار پیش کریں۔مولانا افتخار قاسمی صدر جمعیۃ علماء کرناٹک نے کہا کہ ہم لوگوں کو ملک کے برادران وطن کے ساتھ مل کر نفرت کی بیج بونے والی طاقتوں کو ختم کریں۔مفتی شمس الدین بجلی جنرل سیکرٹری جمعیۃ علماء کرناٹک یکساں سول کوڈ کے نفاذ کی مخالفت پر مبنی تجویز کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسلم پرسنل لاء بورڈ میں مداخلت ہے جو مسلمانوں کے عقیدے کے مطابق قانون الہی میں ناقابل تغیر ہونے کی وجہ سے جہاں شریعت میں اس کی گنجائش نہیں ہے وہیں یہ جمہوری دستور و آئین کی روح اور مسلم حقوق کے لیے دی گئی ضمانتوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے اس لیے حکومت کو تنبیہ کی جاتی ہے۔
اچاریہ لوکیش منی دھرم گرو جین مندر نے اپنے تاثراتی کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سبھی مذاہب کا مجموعہ ہے ، اس لیے یہاں اتفاق و اتحاد کی بات ہوتی ہے اور ہم اس کی بھر پور تائید کرتے ہیں ۔
سردار پرم جیت سنگھ صدر گردوارہ پر بندھک کمیٹی نے کہا کہ تقسیم ہند نے صرف نفرت ہی میں اضافہ کیا ہے، آج اس کو مٹانے کے لیے سب کو جد وجہد کرنی ہے۔ بھارتیہ سرو دھرم سنسد کے صدر گوسوجامی سوشیل جی مہارا ج نے کہا کہ یہاں سب دھرموں کی موجودگی اس بات کی علامت ہے کہ ہم سب ایک ہیں۔ اگر مسلمانوں پر آنچ آتی ہے تو ہم پر بھی آنچ آتی ہے اور ہم کو بھی دکھ ہوتا ہے- ملک کو کسی قیمت پر ٹوٹنے نہیں دیا جائے گا۔مفتی مکرم جامع مسجد فتح پوری نے کہا کہ ہم مذہبی لوگ ہیں، ہمیں کسی سے جھگڑا نہیں ہے، بلکہ ہم تو ہر جھگڑے کے مخالف ہیں۔مولانا انوار الرحمن رکن شوریٰ دارالعلوم دیوبند نے تائیدی خطاب پیش کئے۔جمعیۃ نے اپنی ایک تجویز میں اپیل کی کہ ملک کے صاحب ثروت افراد لڑکیوں کے لئے تعلیمی ادارے قائم کرنے پر خصوصی توجہ دیں ۔اس تجویز کو حاجی محمد ہارون صدرجمعیۃ علماء مدھیہ پردیش نے پیش کیا ۔ اس کی تائید مفتی شبیر احمد مفتی مدرسہ شاہی مرادآباد نے کی۔ملک میں سد بھاؤناکی تحریک چلانے پر مبنی تجویز کو پیش کرتے ہوئے مولانا محمد جاوید صدیقی قاسمی نے کہا کہ ملک میں نفرت و عداوت کو ختم کرنے کے لیے بین مذاہب اختلافی مسائل کو آپسی بات چیت سے حل کرنے کی ضرورت ہے ۔جمعیۃ علما ء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین نے جمعیت یوتھ کلب،شرکنندگان اور سبھی لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں اجلاس مولانا محمد ابوالقاسم نعمانی کی دعا پر اجلاس اختتام پذیر ہو۔ دیگر اہم حضرات جنھوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ان میں ڈاکٹر ظفر الاسلام خاں سابق چیئرمین دہلی مائناریٹی کمیٹی ، مولانا عبد الخالق صاحب مدراسی نائب مہتمم دارالعلوم دیوبند
مفتی محمود بارڈولی صاحب ڈابھیل گجرات،جناب عبد الواحد انگارہ شاہ درگاہ اجمیر شریف، اکال تخت ہرپریت سنگھ سری امرتسر،اانل جوزف تھامس کوٹو،آرک بشپ دہلی،مولانا محمد ابراہیم صاحب صدر جمعیۃ علماء کیرالہ،مولانا کلیم اللہ قاسمی ناظم جمعیۃ یوپی ، پی اے انعامدار، مولانا محمد مدنی

Related posts

گجرات میں بدل گئی ہوا، کانگریس کے حق میں بن گیا ماحول

Hamari Duniya

کیا آپ جانتے ہیں واٹس ایپ کے نئے نیلے سرکل کا استعمال ؟

Hamari Duniya

ایشیا کپ کے انعقاد پر بھارت پاکستان کے درمیان تنازعہ ختم!، ہائبریڈ ماڈل کے تحت ہوگا انعقاد

Hamari Duniya