نئی دہلی،13ستمبر(ایچ ڈی نیوز)۔
آج جمعیةعلماءہند کے وفد نے مولانا حکیم الدین قاسمی ناظم عمومی جمعیة علماءہند کی قیادت میں پلول میوات میں فساد متاثرہ مساجد کا دورہ کیا اور ان میں جمعیةکی طرف سے جاری مرمتی کاموں کا جائزہ لیا۔جمعیة علماءہند کے وفد نے رسول پور ضلع پلول کی مسجد میں نماز ظہر ادا کی ، اس مسجد میں فساد کے پچاس دن بعد بھی نماز باجماعت قائم نہیں ہوپائی تھی ، اس مسجد کے اردگرد غیر مسلموں کی اکثریت ہے ، انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ فساد کے دن اس مسجد کے محراب پر فرقہ پرستوں نے ’ پیشاب گھر ‘ لکھ دیاتھا۔ اب اس مسجد کی مرمت جمعیة کے توسط سے کی جارہی ہے۔واضح ہو کہ میوات کے پلول سمیت مختلف علاقوں میں فرقہ پرستوں نے 14 مسجدوں کو نشانہ بنایاتھا۔ جمعیۃ کے وفد نے اس کے علاوہ پلول میں واقع پیر والی مسجد،گپتا گنج والی مسجد نمبر ،ہوڈل میں واقع گاندھی چوک والی مسجد، سبزی منڈی مسجد ہوڈل، مسجد عید گاہ والی مسجد سمیت سات مسجدوں کا جائزہ لیا۔ وفد میں خاص طور پر صدر جمعیة علماءصوبہ دہلی مولانا محمد عابدقاسمی اور صوبہ دہلی کے دیگر ذمہ دار موجود تھے۔
اس موقع پر مولانا حکیم الدین قاسمی ناظم عمومی جمعیة علماءہند نے بتایا کہ پلول ضلع میں مساجد کو نشانہ بنایاگیا ، ان کی بے حرمتی بھی کی گئی، تبلیغی جماعت کے ساتھ مارپیٹ کی گئی ، یہاں پر رہنے والے غریب اور مزدور لوگوں پر زیادتی ہوئی ، سینکروں جوس اور پھیری والوں کو بھگادیاگیا، کئی دکانداروں سے دکانیں خالی کرادی گئیں ،ان کی ایڈوانس رقم تک واپس نہیں کی گئی ، لیکن فسادیوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی ،یہ انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہی نہیں بلکہ انصاف کے سلسلے میں عوام کے اندر مایوسی پیدا کرنے والاعمل ہے۔ہم سرکار کو متوجہ کرتے ہیں کہ مظلوموں کی آہ نہ لے اور لگاتار شرپسندی اور فرقہ پرستی پھیلانے والے عناصر کو گرفتار کیا جائے۔
مولانا عابد قاسمی صدر جمعیة علماءصوبہ دہلی نے بتایا کہ جمعیة علماءصوبہ دہلی مسجدوں کی مرمت میں ہر ممکن مدد کررہی ہے ، انھوں نے کہا کہ جب دہلی میں فساد ہواتھا تو جمعیة میوات نے لاک ڈاﺅن کے باوجود آگے بڑھ کر مدد کی تھی ، اب جب میوات میں ایسے حالات ہیں تو ہماری یونٹ ہر طرح سے تیار ہے۔ آج جمعیة کے وفد میں ناظم عمومی جمعیة علماءہند کے علاوہ مولانا غیور احمد قاسمی، مولانا عابد قاسمی ، حاجی اکرام ، ٹھیکیدار اقبال ، حاجی یونس، حاجی یاسروغیرہ شامل تھے۔