میوات فساد میں گرفتار تین لوگوں کو مزید ضمانت ملی، صدرجمعیةعلماءہند مولانا محمود اسعد مدنی کی قانونی ٹیم کی جد وجہد رنگ لائی
نئی دہلی،11ستمبر(ایچ ڈی نیوز)۔
آج ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج جسٹس اجے شرما نے نوح سیشن کورٹ میں میوات فساد سے متعلق مقدمات کی سماعت کرتے ہوئے تین لوگوں کو ضمانت دے دی ہے۔ان میں سے ایک شخص پر نوح تھانہ میں ایف آئی نمبر 261/2023 کے تحت مقدمہ درج ہے ، جب کہ باقی دو پر نگینہ تھانہ میں ایف آئی آر 144, 134/2023 کے تحت مقدمہ درج ہے۔ان سبھی لوگوں کے مقدمات کی پیروی صدر جمعیة علماءہند مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر معروف وکیل ایڈوکیٹ محمد طاہر روپڑیا کررہے ہیں۔اسے قبل بھی جمعیة علماءہند کی کامیاب پیروی کی وجہ سے تین لوگوں کو ضمانت مل چکی ہے۔
عدالت کے فیصلے کے بعد ایڈوکیٹ محمد طاہر روپڑیا نے بتایا کہ اب تک میوات فساد کے حوالے سے تین سو سے زائد افراد گرفتارہوئے ہیں۔ ان میں اب تک ایک سو پچاس مقدمات کی پیروی جمعیة علماءہند کی طرف سے کی جارہی ہے۔ ہمارے پاس ایسے لوگ آتے ہیں جن کا کمانے والا ہی اندر چلاگیا ہے ، ان کے پاس مقدمہ تو دور گھر چلانے کے بھی ذرائع نہیں ہیں ، یہ لوگ گاﺅں دیہات کے رہنے والے ہیں، ان کو مقدمہ کے’ میم ‘سے بھی واسطہ نہیں ہے۔ ہم ایسے معصوم اور بے قصور لوگوں کا مقدمہ پوری قوت سے لڑرہے ہیں ، ان لوگوں کے لیے جمعیة علماءہند ایک امیدہے،وہ مولانا محمود اسعد مدنی صاحب کا نام لے کر ہی ہمارے پاس آتے ہیں۔ طاہر روپڑیا نے کہا کہ میں ایک وکیل ہوں لیکن انسانی جذبات بھی سمجھتا ہوں ، جمعیةعلماءہند کی یہاں جد وجہد قابل ستائش ہے۔ جمعیة علماءہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمد حکیم الدین قاسمی ، قانونی معاملات کے نگراں ایڈوکیٹ نیاز احمد فاروقی،ناظم اعلیٰ جمعیة علماءہریانہ ، پنجاب و ہماچل پردیش مولانا یحیی ٰکریمی وغیرہ سے لگاتار رابطہ ہے ، ہمیں امید ہے کہ مظلوموں اور متاثرہ لوگوں کو انصاف دلانے کی ہماری اور جمعیة علماءہند کی جد وجہد کامیاب ہو گی۔