دعوتی، تعلیمی، تدریسی،حدیثی،صحافتی،تالیفی اورجماعتی وملی خدمات کے اعتراف میں نو اہم علمی شخصیات کوتوصیفی اسناد وایوارڈسے نوازا گیا
سدھارتھ نگر،02 فروری(ایچ ڈی نیوز)۔
مورخہ یکم فروری 2024ءبروز جمعرات مقامی جمعیت اہل حدیث حلقہ شہرت گڑھ، سدھارتھ نگر اپنے سالانہ تعلیمی مظاہرہ کے موقع پر بمقام مدرسہ دار الادب سراج العلوم کھڑکوئیاں نانکار، سدھارتھ نگر یوپی، حلقہ شہرت گڑھ سے اپنی جماعت کی نو اہم و نمایاں شخصیات کو ان کی دعوتی و تدریسی،حدیثی، تصنیفی و تالیفی، صحافتی و سماجی اور جماعتی و ملی خدمات کے اعتراف میں توصیفی سند و ایوارڈ سے سرفراز کیا۔ یقیناً حلقہ شہرت گڑھ کا یہ اقدام لائقِ تحسین اور قابلِ ستائش ہے۔
ضلع سدھارتھ نگر میں حلقہ شہرت گڑھ کو یہ اولیت اور انفرادیت حاصل ہے کہ وہ اپنے حلقہ کے چیدہ و چنندہ علمائے کرام اور اہم شخصیات کی ہمہ جہت خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ سندِ توصیفی اور ایوارڈ دینے سے قبل جمعیت اہل حدیث حلقہ شہرت گڑھ کے ناظم مولانا جمشید عالم عبد السلام سلفی نے ایوارڈ حاصل کرنے والے علمائے کرام کا مختصر و جامع تعارف پیش کرتے ہوئے ان کی ہمہ جہت خدمات کو اجاگر کیا اور ان کے علم و عمل میں برکت کی دعا کرتے ہوئے یہ یقین دلایا کہ ان شاء اللہ مستقبل میں بھی حلقہ کی دیگر اہم شخصیات کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ جن شخصیات کو سند توصیفی اور ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ان کے اسمائے گرامی یہ ہیں ۔
۔1۔ ڈاکٹر سید سعید احسن عابدی ازہری۔ ڈاکٹر صاحب کوان کی بے مثال تصنیفی و تالیفی اور ہمہ جہت دعوتی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔
۔2۔ مولانا وصی اللہ عبدالحکیم مدنی۔ ناظم ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر، یوپی۔ شیخ محترم کو ذمہ داران جمعیت حلقہ شہرت گڑھ نے ایوارڈ برائے دعوت وتدریس، تصنیف و تالیف اور ہمہ جہت ملی و جماعتی خدمات میں تفویض کی۔
۔3۔ مولانا شفیع اللہ عبدالحکیم مدنی۔ استاد جامعہ سراج العلوم السلفیہ جھنڈا نگر، نیپال ۔ ایوارڈ برائے دعوت و تدریس اور جماعتی خدمات ۔4۔ مولانا عبدالسمیع سلفی ناظم کلیۃ البنات المسلمات انتری بازار، سدھارتھ نگر۔ ایوارڈ برائے تعلیمِ نسواں کا فروغ
۔ 5۔مولانا محمد بشیر سلفی استاد کلیہ عائشہ صدیقہ جھنڈا نگر، نیپال۔ ایوارڈ برائے دعوت وتدریس ۔6۔مولانا تاج الدین سراجی پرنسپل مدرسہ ضیاء العلوم السلفیہ چنروٹا، نیپال۔ ایوارڈ برائے تدریسی و سماجی خدمات۔ ۔7۔مولانا شہاب الدین سلفی استاد جامعہ قاسم العلوم گلرہا، بلرام پور۔ ایوارڈ برائے تدریسی خدمات۔ 8۔ مولانا محمد فاروق شفع محمد ریاضی استاد مدرسہ دار الاسلام بھینسہواں۔ ایوارڈ برائے تدریس۔ 9۔ایڈوکیٹ شہاب الدین صاحب کھڑکوئیاں۔ ایوارڈ برائے ملی و سماجی خدمات۔ اللہ ہمارے ان علمائے کرام کی روشن اور قابل رشک خدمات کو شرف قبولیت بخشے۔ آمین!
اس اہم موقع پر ضلعی جمعیت اہل حدیث، سدھارتھ نگر کے ناظم اعلیٰ مولانا وصی اللہ عبدالحکیم مدنی نے اپنے تاثراتی کلمات میں کہا کہ : جمعیت اہلِ حدیث حلقہ شہرت گڑھ کے ناظم مولانا جمشید عالم سلفی جماعت کے ہر دل عزیز عالم دین ہیں۔ ان کی متانت و سنجیدگی، تواضع و انکساری اور جماعت کے مقتدر و ہمہ جہت خدمات کے حامل علماء کی تکریم و قدردانی ان کی خاص پہچان ہے۔ ہر ایک کی وہبی و کسبی خوبیوں اور صلاحیتوں کا اعتراف کرنے کے علاوہ استفادہ بھی کرتے ہیں۔ علمائے کرام کے تئیں اُن کا یہ پیش رفت لائقِ تعریف اور قابلِ نمونہ ہے۔