نئی دہلی،16جنوری(ایچ ڈی نیوز)۔
آئیڈیل ریلیف ٹرسٹ کی پہل رنگ لائی. جامعہ نگر کی مساجد کے ائمہ کرام اور موذن صاحبان کی کمپیوٹر کلاسز کا پہلا بیچ آئی ایس ٹی سی جامعہ نگر میں شروع ہوگیا ہے ۔آئیڈیل ریلیف ٹرسٹ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عارف ندوی نے کہا کہ ہم نے نومبر کے اواخر میں ایک پروگرام میں جامعہ نگر کی مساجد کے ائمہ کرام کو مدعو کیا تھا اس میں ہم نے یہ آفر کیا تھا کہ آپ انویشن اینڈ اسکل ٹریننگ سینٹر میں داخلہ لیکر کمپیوٹر کورس شروع کر یں ہم یہ سہولت بالکل مفت مہیا کرائیں گے ۔ہمیں خوشی ہے کہ پہلا بیچ شروع ہو گیا ہے جس میں 28 افراد نے داخلہ لے لیا ہے۔ہم امام صاحبان کو با اختیار بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔کمپیوٹر ہر فرد کی ضرورت بن گیا ہے، ایسے میں ہمارے امام صاحبان کیوں پیچھے رہیں۔
یہ ٹریننگ پوری طرح مفت رکھی گئی ہے۔کمپیوٹر ٹرینر احتشام احمد نے بتایا کہ ائمہ کرام اور موذن صاحبان کی ٹریننگ کو ابھی ایک ماہ ہی ہوئے ہیں، لیکن میں ان کے سیکھنے کے شوق کا قائل ہوگیا ہوں، بڑی دلچسپی سے سیکھ رہے ہیں، یہ تین ماہ کا کورس ہے جس میں روز آنہ کام آنے والے کمپیوٹر کے پروگرام سکھانے جا رہے ہیں۔