Jamia Hamdard
نئی دہلی، 04 اگست (ایچ ڈی نیوز)۔ جامعہ ہمدرد کے سینٹر برائے ٹریننگ و ڈولپمنٹ نے آل انڈیا ایجوکیشنل موومنٹ کے اشتراک سے جو ایکزیکیوٹیو ڈولپمنٹ پروگرام منعقد کیا تھا اس کا اختتام 2؍ اگست کو جامعہ ہمدرد میں ہوا۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآن سے ہوا جس کے بعد جامعہ میں ایم۔بی۔اے۔ شعبہ میں پروفیسر سعید النساء نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے ٹریننگ دینے والی فیکلٹی کی تفصیل بتائی جس میں انسٹی ٹیوٹ آف سیکریٹریٹ ٹریننگ و مینجمنٹ کے سابق اساتذہ کے علاوہ جامعہ ہمدرد کے کئی شعبہ جات کے اساتذہ اور خود جامعہ کے رجسٹرار بھی شامل رہے۔ غیر تدریسی عملہ میں جامعہ کے نائب رجسٹرار، سیکشن آفیسرس اور سینئر اسسٹنٹ شامل رہے۔
Jamia Hamdard
یہ پروگرام ہمدرد لرننگ و ویلفیئر سوسائٹی (بی ای بی) کے مالی تعاون سے ممکن ہوا۔ پروگرام کا مقصد عملہ کا ذہنی تناظر میں ہنر، سمجھ بوجھ اور قابلیت میں ترقی کرنا تھا۔ آل انڈیا ایجوکیشنل موومنٹ کے صدر خواجہ شاہد نے اس پر خوشی کا اظہار کیا کہ ٹریننگ دینے والی فیکلٹی اور عملہ دونوں اس پروگرام سے مطمئن ہیں۔ شیخ الجامعہ پروفیسر افشار عالم نے پروگرام کے انعقاد کیلئے خواجہ شاہد اور پروفیسر ریشما نسرین کا شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے یہ ممکن ہو پایا اور اُمید ظاہر کی کہ اس پروگرام کے بعد غیر تدریسی عملہ کی کارکردگی خاص کر حکومت ہند کی مختلف وزارتوں کے ساتھ خط و کتابت میں بہتری آئے گی۔ انھوں نے اس طرح کے ایک پروگرام جامعہ کے شعبہ جات کے سربراہوں کیلئے بھی منعقد کرنے کا مشورہ دیا۔
جامعہ کے رجسٹرار ڈاکٹر ایم اے سکندر نے اس طرح کی ٹریننگ کی افادیت پر روشنی ڈالی اور اُمید ظاہر کی کہ اس کے بعد عملہ کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔ اس کے بعد شیخ ا لجامعہ نے پروگرام میں شرکت کرنے والے عملہ کو سرٹی فیکٹ تقسیم کئے۔ ایجوکیشنل موومنٹ کے جنرل سکریٹری عبدالرشید نے مہمانوں اور ہمدرد لرننگ و ویلفیئر سوسائٹی کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کی نظامت جامعہ میں اسسٹنٹ پروفیسر ٹومینا چیرین نے کی۔
