17.1 C
Delhi
December 11, 2024
Hamari Duniya
Breaking News دہلی

وقف جائیدادوں کا تحفظ ملت اسلامیہ کی ذمہ داری: جماعت اسلامی ہند

Delhi Waqf land

نئی دہلی، 11 دسمبر(ایچ ڈی نیوز)۔

جماعت اسلامی ہند کے تحت مرکز، نئی دہلی میں ’دہلی کی 123 وقف جائیدادوں کا قضیہ‘ کے عنوان سے ایک پروگرام منعقد ہوا جس میں ’انجمن حیدری‘ کے جنرل سکریٹری  بہادر عباس نقوی نے وقف  جائیدادوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ” دہلی میں وقف جائیدادوں کی دیکھ ریکھ کا ذمہ دار وقف بورڈ ہے۔ فی الوقت بیشتر جائیدادیں ملت اسلامیہ کی تحویل میں نہیں ہیں ۔ کانگریس کے دور میں ان تمام جائیدادوں کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی بات کہی گئی تھی۔ سوال یہ ہے کہ جب کوئی جگہ نوٹیفائی ہوئی ہی نہیں تو اس کا  ڈی نوٹیفائی کیسے کیا جاسکتا ہے؟ اس غلطی کی طرف نشاندہی کی گئی تو سرکار نے ایک ’ون مین کمیٹی‘  تشکیل دی جو ان جائیدادوں کے حقائق کا پتہ لگائے ۔ اس کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ یہ تمام 123 جائیدادیں ’وقف نیچر‘ کی ہیں۔ یہ رپورٹ سرکار کو پسند نہیں آئی، لہٰذا پھر سے ایک ’ ’ٹو مین کمیٹی ‘ تشکیل دی گئی۔ ان دونوں کمیٹیوں کے سامنے انجمن حیدری و دیگر متولیان  پیش ہوئے اورمتعلقہ دستاویزات پیش کئے، پھر بھی  پروسیڈنگ فائنل اسٹیج  تک پہنچ گئی اور یہ آرڈر آگیا کہ ان جائیدادوں کی آنر شپ کا کوئی دعویدار نہیں ہے۔ حالانکہ یہ آرڈر غلط تھا۔ کیونکہ وقف بورڈ کسی وقف جائیداد کا مالک نہیں ہوتا ہے، نہ ہی کوئی ایک ادارہ یا فرد ان کا مالک ہوسکتا ہے۔ یہ جائدادیں ملت کی ملکیت ہوتی ہیں۔ البتہ متولیان یا وقف بورڈ اس کی دیکھ ریکھ کرتا ہے۔

وقف بورڈ کو صرف اتنا اختیار ہے کہ وہ ان جائیدادوں کی نگرانی کرے اور دیکھے کہ اس کا استعمال صحیح ہورہا ہے یا نہیں؟ اگر کوئی متولی وقف منشا کے خلاف کسی جائیداد کا استعمال کررہا ہے تو وقف بورڈ اس کے خلاف ایکشن لے سکتا ہے۔ جبکہ جو آرڈر پاس کیا گیا، اس میں اسے مالک کی حیثیت سے تسلیم کیا گیا ہے، جو صحیح نہیں ہے“۔ اسی طرح ابھی جو 123 اراضی کے سروے کا آرڈر آیا ہے۔ یہ سروے صرف آنر شپ کے اوپر ہورہا ہے۔ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام متولیان صورت حال سے آگاہ ہوں اور زیادہ سے زیادہ کاغذی ثبوت کورٹ کو فراہم کریں تاکہ تمام وقف جائیدادوں کی ملکیت مسلمانوں کی تحویل میں آجائے“۔   

 جماعت میں اسسٹنٹ سکریٹری انعام الرحمن نے کہا کہ”وقف جائیدادوں کے بارے میں ایک تکلیف دہ پہلو یہ ہے کہ اس کے تعلق سے امت میں وہ جذبہ نہیں پایا جارہا ہے جو ہونا چاہئے۔ ان املاک کے تعلق سے ملت اسلامیہ اور ملی تنظیموں میں بیداری آجائے تو ان کی بازیابی آسان ہوسکتی ہے ۔ اسی کا فائدہ حکومت اٹھانا چاہتی ہے اور مبینہ طور پر وقف ایکٹ کو ختم کرنے کے بارے میں سوچا جارہا ہے۔جبکہ اوقاف کی جتنی جائیدادیں ہیں، اگر ان کی بازیابی کرلی جائے تو امت کی غربت کے خاتمے میں بڑی پیش رفت ہوسکتی ہے۔چونکہ وقف جائیدادوں کا تعلق  پوری ملت اسلامیہ سے ہے، اس لئے  جماعت اسلامی ہند ابتدا سے ہی  اس  سلسلے میں ملت کے اندر بیداری لانے کی کوشش کرتی رہی ہے ۔اوقاف کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر طے کیا گیا ہے کہ ملت کے تمام گروپس ، اسٹیک ہولڈرس اور وقف کے لئے کام کرنے والی تنظیموں کے ساتھ مل کر مشترکہ جدو جہد کی جائے۔  یہ پروگرام جماعت کے نیشنل سکریٹری محمد احمد صاحب کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں جماعت کے دیگر ذمہ دران کے علاوہ سامعین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

Related posts

راجستھان میں بھی پیش آیا منی پور جیسا واقعہ، وزیراعلیٰ اشوک گہلوت ایکشن میں

Hamari Duniya

دارالعلوم دیوبند کے طلبائ کیلئے انگریزی کی کوچنگ پر پابندی، سوشل میڈیا پر نئی بحث شروع

Hamari Duniya

کانوڑ یاترا سے متعلق فیصلہ بلاتاخیر واپس لیاجائے:مسلم لیگ

Hamari Duniya