11.1 C
Delhi
January 19, 2025
Hamari Duniya
دہلی

عالمی سطح پر قیام امن وقت کی اشد ترین ضرورت ہے

Jamat e Islami

جماعت اسلامی ہند حلقہ دہلی پردیش کے عید ملن پروگرام میں ایس امین الحسن (نائب امیر جماعت اسلامی ہند)کا خطاب

نئی دہلی 30اپریل(ایچ ڈی نیوز)۔

”عالمی سطح پر قیام امن وقت کی اشد ترین ضرورت ہے۔ امریکہ اور مغربی قوتیں اپنا چہرہ بے نقاب کر چکی ہیں۔ انہیں انسانی حقوق اور انسانی جان و مال کا ذرا بھی احترام نہیں۔ امن عالم کا قیام اس وقت مغرب کے بس میں نہیں ہے، نہ ہی ان کی ترجیحات میں شامل نظرآتا ہے۔ اس کے قیام کی تین اہم بنیادیں اسلام پیش کرتا ہے۔ نمبر ایک یہ کہ ساری عالم انسانیت ایک خدا کی پیدا کردہ مخلوق ہے، وحدت رب کا رشتہ سب کو مساوی درجہ دیتا ہے۔ دوسری بنیاد یہ ہے کہ دنیا کے سارے انسان ایک آدم و حوا کی اولاد ہیں۔ وحدت اب کا یہ رشتہ بھی ان لوگوں کے زعم پرکاری ضرب لگاتا ہے جو اپنے آپ کو رنگ و نسل اور پیدائش کی بنیاد پر برتر اور فائق تر سمجھتے ہیں۔ اسلام کسی کی برتری کسی پر تسلیم نہیں کرتا سوائے تقوی کے۔ امن عالم کے قیام کے لیے اسلام تیسرا اہم نکتہ یہ دیتا ہے کہ دنیا میں انسانوں کی آزادی ضروری ہے۔ انسانوں کو کسی بھی طرح سے غلام بنانا اسلام کے نزدیک عظیم جرم ہے۔ ضمیر کی آزادی، سیاسی آزادی کے ساتھ ساتھ مذہبی آزادی ہر ایک کو میسر ہو۔ مذہب کے معاملے میں جبر و اکراہ اسلام پسند نہیں کرتا۔“ مذکورہ خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ہند حلقہ دہلی پردیش کے عید ملن پروگرام نبی کریم میں ایس امین الحسن (نائب امیر جماعت اسلامی ہند) نے اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ افراد اور قوموں کے درمیان اختلافات کو رفع کرنے کے لے اسلام ڈائیلاگ اور گفتگو کے ذرائع کو ترویج دیتا ہے۔
اسلام ہمیں سکھاتا ہے کہ دیگر مذاہب کے لوگوں کے ساتھ رواداری کا برتاﺅکیا جائے۔ اس کا ہرگز مطلب نہیں ہے کہ ہم اپنے عقائد میں مداہنت کا رویہ اختیار کریں۔ مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان جب کچھ ایشوز کو لے کر اختلافات ہوں تو انہیں رفع کرنے کی کوشش کرنا اسلام کی تعلیمات میں شامل ہے۔ واضح رہے کہ ہم اپنے نظریے اور فکر کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لیے مختلف پلیٹ فارم کا استعمال کرتے رہتے ہیں۔ انہیں میں سے ایک آج کا یہ عید ملن پروگرام ہے۔ہم میں سے بہت سے معاملے میں اختلافات ہیں اور رہیں گے مگر انہیں حدود کے اندر رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ان اختلافات کو سمجھنے اور دور کرنے کا واحد ذریعہ دعوت کمیونیکیشن اور گفتگو ہے۔
عید ملن کے اس پروگرام میں چاندنی چوک حلقہ انتخاب سے لوگ سبھا کے لے انڈیا گٹھ بندھن کے امیدوارجے پرکاش اگروال صاحب نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ چونکہ انتخابات کی مہم چل رہی ہے اس لیے سیاسی لیڈران بھی بڑی تعداد میں ڈائس پر براجمان تھے۔ اور انتخابی مہم میں ان لیڈروں کے ساتھ فالوئرز کی بھی ایک بڑی تعداد اس پروگرام میں شریک رہی۔ دہلی حکومت کے منسٹر عمران حسین نے بھی اظہار خیال کیا۔

Related posts

سعودی سفارتخانہ کے اس فیصلے سے ٹور اینڈ ٹریویلس ایجنسیز کے مالکان بے چینی، وی ایف ایس کی مداخلت سے سیاحوں کے جیب پرپڑے گا اثر، سیاحت میں بھی کمی کا امکان

Hamari Duniya

غریب ہندوؤں کو کمبل اور مٹھائی تقسیم کرکے منائی گئی دیوالی

Hamari Duniya

میوات فساد:مسجد قریشیان اور مسجد گاندھی چوک ہوڈل کی مرمت کے بعد افتتاح

Hamari Duniya