March 18, 2025
Hamari Duniya
Breaking News قومی خبریں

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں لئے گئے کئی اہم فیصلے

دہشت گردی، بد امنی، مذہبی منافرت ، غیر سماجی سرگرمیوں اور اشتعال انگیزی کی سخت الفاظ میں مذمت:
Jamate Ahle Hadees

نئی دہلی،18مارچ(ہ س)۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی مجلس عاملہ کا ایک اہم اجلا س زیر صدارت مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند آج بتایخ 18مارچ 2023ءبرورز ہفتہ بمقام اہل حدیث کمپلیکس ، ابوالفضل انکلیو، اوکھلا، نئی دہلی منعقد ہوا جس میں ملک کے بیشتر صوبوں سے آئے ہوئے معزز اراکین عاملہ، صوبائی ذمہ داران اور مدعوئین خصوصی نے شرکت کی۔
اس موقع پر امیر محترم نے حمد وصلاة اور خیر مقدمی کلمات کے بعد اپنے جامع ترین تذکیری خطاب میں ایمان باللہ، عقیدہ توحید کی اصلاح، اتبا ع کتاب وسنت، تقویٰ وطہارت، اتحاد و یکجہتی، اخوت وبھائی چارہ، حسن اخلاق او رمعاملات میں شفافیت کی نصیحت کی۔ نظم و ضبط میں سلف صالحین کو اسوہ بنانے کی تلقین کی۔ علاوہ ازیں فرقہ ارانہ ہم آہنگی اور انسان دوستی کو فروغ دینے نیز اسلام کی بیش بہا انسانیت نواز روشن تعلیمات سے برادران وطن کو اخلاقی، عملی اور علمی طور پر روشناس کرانے کی ضرورت پر بطور خاص زور دیا۔ اس کے علاوہ ہر طرح کی دہشت گردی، بد امنی، مذہبی منافرت ، غیر سماجی سرگرمیوں اور اشتعال انگیزی کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور پورری ایمانی قوت، صبر و ضبط، ہمت و حوصلہ او رحکمت و دانائی کے ساتھ خیر امت کا فریضہ ادا کرتے رہنے کی تلقین کی۔
ناظم عمومی مولانا محمد ہاون سنابلی نے اس اجلاس میں مرکزی جمعیت کی کار کردگی رپورٹ پیش کی جس پر حاضرین نے اپنے اطمینان و خوشی کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں ناظم مالیات الحاج وکیل پرویز نے آمد و خرچ کے حسابات پیش کیے جس پر ہاﺅس نے اطمینان و اعتماد کا اظہار کیا۔ اجلاس میں جمعیت کے کاموں کا بھی جائزہ لیا گیا او آئندہ دعوتی، تعلیمی، تنظیمی، تعمیراتی او ر رفاہی منصوبوں او ر انسانی خدمات کو مہمیز دینے پر غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ جمعیت کے مالی استحکام بالخصوص اہل حدیث منزل اور اہل حدیث کمپلیکس میں زیر تعمیر کثیر المقاصد عمارت کے لیے ملکی سطح پر اہل خیر حضرات کا زیادہ سے زیادہ تعاون حاصل کرنے کی اپیل کی گئی۔ عاملہ کے اراکین نے مرکزی جمعیت کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔ مجلس کا آغاز ڈاکٹر عبدالعزیز مدنی صاحب کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس میٹنگ میں ملک و ملت سے متعلق اہم امور زیر غور آئے او ر بالاتفاق چند قرار داد اور تجاویز پاس ہوئیں۔ مجلس عاملہ کی قرار داد میں اسلام کی تعلیمات کو عام کرنے اور اسلامی تعلیمات اور اعلیٰ اخلاق و کردار کی روشنی میں اسلام کے سلسلے میں پھیلی ہوئی بدگمانیوں اور افواہوں کے ازالہ اور ایک دوسرے کی مذہبی کتابوں اور مذہبی پیشواﺅں اور رہنماﺅں کا احترام کرنے اور صاحب خیر اور صاحب ثروت حضرات سے مدارس کی زیادہ سے زیادہ مدد کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
مجلس عاملہ کی قرار داد میں ملک میں اشتعال انگیزبیانات اور ایک مخصوص طبقہ کی توہین کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی اورملک و معاشرہ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارہ کو برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے ملک کی روایتی شبیہ کو باقی رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ علاوہ ازیں قرار داد میں ملک اور بیرون ملک میں ہونے والے دہشت گردانہ واقعات او رغیر سماجی سرگرمیوں کی مذمت کی گئی۔ اسی طرح فاضل عدالتوں سے باعزت بری ہونے والے نوجوانوں کو معاوضہ دینے، ملک کی سب سے بڑی اقلیت کی تعلیمی، سماجی اور اقتصادی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے قائم شدہ کمیٹیوں اور رکمیشنوں کی سفارشات کو نافذ کرنے کی اپیل کی گئی۔
مجلس عاملہ کی قرار داد میں مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پانے اور زیادہ سے زیادہ روزگا کے مواقع پیدا کرنے نیز جہیز کو ملک و سماج کے لیے ناسور قرا دیتے ہوئے اس کے خلاف بیداری پیدا کرنے اور عوام و خواص کو اس کے نقصانات سے آگاہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ اسی طرح ترکی اور شام میں زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے رنج و غم کا اظہار اور عالمی برادری سے فوری راحت رسانی و باز آبادکاری میں ہر ممکن تعاون کی اپیل کی گئی۔ مجلس عاملہ کی قرار داد میں بعض ممالک کے درمیان جاری جنگ کے پس منظر میں کہا گیا کہ لڑائی مسئلہ کا حل نہیں ہے اسے باہمی گفت و شنید سے جلد حل کیا جانا چاہئے۔ علاوہ ازیں فلسطینیوں کے حقوق کو تسلیم کرنے اور اسرائیل کو عالمی قوانین کا پابند بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا کیوں کہ یہ انسانیت کے مفاد میں ہے۔ مجلس عاملہ کے اجلاس میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کے از سر نو آغاز کا خیر مقدم کیا گیا، گرچہ سعودی عرب دیگر ممالک خصوصا ہمسایہ ملکوں کے ساتھ ہمیشہ خوش گوار تعلقات رکھنے پر عامل رہا ہے۔

Related posts

راہل گاندھی نے نفرت کے ’غبارے‘ کی ہوا نکال دی: طارق انور

Hamari Duniya

راہل گاندھی کے دورہ کے پیش نظر ہائی الرٹ کے درمیان جموں میں دو دھماکے، 6 زخمی

Hamari Duniya

ایک دوسرے کے رہن سہن، رسم ورواج، طرز معاشرت اورزبان کو جاننا ضروری ہے: گنگا سہائے مینا

Hamari Duniya