نئی دہلی، 8 مارچ(ایچ ڈی نیوز)۔
۔”اخوت اور بھائی چارہ نوع انسانی کے لیے اتنا اہم ترین عمل ہے کہ اس کے بغیر گھر، معاشرہ، اقوام وعالم سب کا چین وسکون ناممکن ہے، اگر آپس میں اخوت وبھائی چارگی نہ ہو تو سب کے سب اختلاف وانتشار کے شکار ہوجائیں گے، دنیا میں امن وامان ختم ہو جائے گا اور اس طرح گھر گھر فتنہ وفساد برپا ہونے لگے گا۔ دنیا میں امن وسلامتی کے قیام کی خاطر ہی اسلام نے اخوت وبھائی چارگی کی تعلیم پر زور دیا ہے۔کسی بھی سماج اور ملک کی ترقی کا انحصار بھائی چارہ پر موقوف ہے ۔جب معاشرہ میں بھائی چارہ ،رواداری محبت موجود ہو تو وہ معاشرہ خوشحال اور ترقی یافتہ ہوتا ہے ۔
“مذکورہ خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ہند کے اسسٹنٹ سکریٹری وارث حسین نے وکاس نگر دہلی میں منعقدہ ”سد بھاﺅنامنچ “ پروگرام کے صدارتی خطاب میں کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ”پوری نسل انسانی ایک آدم کی اولاد ہے اور حضور اکرمنے حجة الوداع کے خطبہ میں ایسے معجزانہ الفاظ میں اس پر مہر لگادی کہ اس سے زیادہ اسلامی مساوات کا کوئی منشور نہیں ہوسکتا۔آپنے فرمایا کہ” تمہارارب ایک ہے اور تمہارا باپ ایک ہے ،اس طرحچھٹی صدی عیسوی میں ایک نئی اخوت کی بنیاد ڈالی گئی ،اس اخوت کی بنیاد اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کاعقیدہ ،نوع انسانی کے ہمدردی کا جذبہ ،عدل و مساوا ت کے اصول اور انسانوں کی خدمت کے عزم وارادہ پر تھی۔بعثت رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور نزول قرآن کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ بنی نوع انسان کومنظم کر دیا جائے اورایک دوسرے کے ساتھ دشمنی اور عداوت کرنے والوں کو پیار ومحبت اوراخوت وبھائی چارہ کے رنگ میں رنگ دیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ”اخوت وبھائی چارہ سے انسانوںمیں اتحاد ویکجہتی پیدا ہوتی ہے ، معاشرہ میں مالی استحکام پیدا ہوتا ہے اور معاشرہ میں امن وسکون اور جذبہ ہمدردی پیدا ہوتی ہے۔اخوت وبھائی چارہ کی فضا میں معاشرے کے سب افراد ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں۔ دوسروں کا دکھ درد محسوس کرتے ہیں۔ مصیبت وآزمائش کے موقع پرایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں۔ غم وخوشی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں۔“
اس سدبھاﺅنا پروگرام میں وکاس نگر کے معزز لوگ شامل ہوئے جس میں اکثریت برادران وطن کی تھی۔معروف و مشہور مذہبی شخصیت وید رام لال سوشط جنگ کے ایڈیٹر اود نارائن ،تلک راج،لال بابو پانڈے،محترم سنت رام رانا جیسی شخصیتوں نے شرکت کی۔برادران وطن نے اس پروگرام کو کافی سراہا اور ہر جگہ یہ پروگرام کرنے کی صلاح دی۔اس نقطہ نظر کو سامنے رکھتے ہوئے اس موقع پر سدھاﺅنا منچ کا مقامی صدر ڈاکٹر ایم پی سنگھ اور سکریٹری رضوان ملک کا انتخاب عمل میں آیا۔