جماعت اسلامی ہند حلقہ دہلی کے تحت وکاس نگر میں عید ملن کا پروگرام
نئی دہلی یکم مئی(پریس ریلیز) :آج جماعت اسلامی ہند حلقہ دہلی کے تحت وکاس نگر میں عید ملن کا پروگرام جناب سلیم اللہ خان (امیر حلقہ) کی صدارت میں منعقد ہوا۔ پروگرام میں وارث حسین، مفتی سہیل احمد قاسمی، ویلفیئر پارٹی وکاس پوری کے صدر ذاکر سیفی، سد بھاونا وکاس نگر کے صدر ڈاکٹر ایم پی سنگھ، سردار نریندر سنگھ اور دیگر لوگوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر محمد سلیم اللہ خاں نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں پائے جانے والے مختلف مذہبی اکائیوں کے درمیان مختلف بہانوں سے ملنے جلنے اور اظہار خیال کرنے کے مواقع باقی رہنا چاہئے۔ اسی غرض کے لیے جماعت اسلامی ہند ملک بھر میں عید ملن پروگرام کا اہتمام کرتی ہے جس میں برادران وطن کو خصوصی طور سے مدعو کیا جاتا ہے۔ آج مختلف مذاہب کے درمیان ایک غلط فہمی کی دیوار حائل کی جارہی ہے جس کی ایک خاص وجہ تعلقات میں دوری ہے۔ عید محض مسلمانوں کے درمیان خوشی کا اظہار نہیں بلکہ تمام انسا نوں کے درمیان الف و محبت ،امن و آشتی کے پیغام کو عام کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔ اپنے سماج سے نفرت کو دور کرنے اور محبت کو عام کرنے کے لیے عید ملن تقریب ایک نایاب و نادر موقع ہے۔
آج دنیا میں انسانی قدریں پامال ہو رہی ہیں، انسانیت شرمسار ہورہی ہے۔ آج دنیا میں امن اور بھائی چارے کی ضرورت ہے۔ اس تناظر میں دیکھا جائے تو آج اسلام کے پیغام کی افادیت اور معنویت کچھ اور بڑھی ہوئی نظر آتی ہے۔ ایک مسلمان کا یہ فرض ہے کہ وہ ہر چہرے پر مسکراہٹ لانے کی کوشش کرے، سب کے غم اور پریشانی دور کرے، اور لگاتار جدو جہد کرے تاکہ خدا کے سارے بندوں کو امن و امان، عدل و انصاف اور خوشی و اطمینان نصیب ہو۔ محترم امیر حلقہ نے مختلف فرقوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے بھائیوں اور بہنوں کو بھی عید کی مبارکباد دیتے ہوئےکہاکہ آیئے ہم سب مل کر اس ملک میں امن و امان اور عدل و انصاف کے قیام کی راہیں ہموار کریں اور یہاں کے حقیقی مسائل کو حل کرنے کے لیے مل جل کر جدوجہد کریں۔ اس موقع پر وارث حسین، مفتی سہیل احمد قاسمی نے بھی خطاب کیا۔کم و بیش 100 برادران وطن اور 160 مسلمان مرد و خواتین پروگرام میں شریک رہے۔