April 27, 2025
Hamari Duniya
دہلی

اسلام نے باہمی اخوت اور بھائی چارے کا درس دیا ہے، جماعت اسلامی ہند حلقہ دہلی کی جانب سے عید ملن پروگرام

Jamaat e Islami eid Milan

نئی دہلی، 2مئی : آج شمال مشرقی دہلی کے مختلف علاقوں برج پوری ، مصطفی آباد، ترلوک پوری میں جماعت اسلامی ہند حلقہ دہلی کی جانب سے عید ملن کا اجتماع منعقد کیا گیا۔ اجتماع میں سینکڑوں برادران وطن نے شرکت کی، جس میں اکثر برادران وطن دلت سماج سے تعلق رکھنے والے لوگ تھے۔
ابتدائی گفتگو جناب آصف اقبال نے کی جس میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کیسے ایک ایشور نے انسانوں کو ایک ہی ماں اور باپ کے ذریعہ پیدا کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد اقبال نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے روزہ رمضان اور اس سے حاصل ہونے والی بھلائیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے عید کی خوشی کے منائے جانے اور صدقہ الفطر کے ادا کیے جانے کے تصور کو واضح کیا اور بڑے دلنشیں انداز میں آپسی بھائی چارے اور محبت کا پیغام دیا۔ انھوں نے یاد دلایا کہ رمضان المبارک ایک انتہائی بابرکت مہینہ ہے۔ یہ ماہ مقدس ختم ہوتے ہی یکم شوال کو وہ دن عید الفطر کی صور ت میں طلوع ہوتا ہے۔ اللہ کا عاجز بندہ سراپا سپاس بن کر شوال کی پہلی صبح کو یومِ تشکر کے طور پر مناتا ہے۔بس یہی حقیقت عید اور روح عید ہے۔ یعنی عید صرف رنگ، خوشبو،وزیبائش، مسرتوں قہقہوں اور عیدی و شیرینی کا تہوار نہیں، بلکہ یہ روحانی و قلبی مسرتوں کانام ہے، جو دوسروں کو بانٹ کر ہی حاصل ہوتی ہے، اسلام نے ہر موقع پرمسلمانوں کی باہمی اخوت اور بھائی چارے کا درس دیا ہے۔ زکوة وصدقات کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ سارے مسلمان مل کر عید منائیں۔ صدقہ فطر عید کے دن کی عبادات میں سے ایک ایسی عبادت ہے جو روزہ دار کے روزہ میں کوتاہیوں ونقص کی تلافی کاذریعہ، اس کی پاکیز گی وتطہیر کاسبب، نیز غرباء، فقراء اور مساکین کے لیے راحت کا باعث اور اسلامی اخلاق کا اجتماعی مظاہرہ بھی ہے۔
پروگرام کے اختتام پر امیر مقامی سراج الدین نے کلمات تشکر ادا کیے، انھوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی ہند کی جانب سے گاہے بگاہے دینی، اصلاحی و دعوتی نوعیت کے اجتماعات منعقد کیے جاتے ہیں، ان اجتماعات میں شرکت کرکے ہم اپنی زندگی کی اصلاح کا سامان کرسکتے ہیں۔

Related posts

عالمی یوم اردو کے موقع پر ادبی محفل کا انعقاد

Hamari Duniya

وزیراعلیٰ کیجریوال نے گجراتیوں کو سمجھایا کیسے بنے گا ہندوستان دنیا کا نمبر ون ملک

Hamari Duniya

دہلی مجلس نے ایم سی ڈی الیکشن کیلئے دو امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا

Hamari Duniya