نئی دہلی،28اکتوبر(ایچ ڈی نیوز)۔
سیرت النبیﷺ کمیٹی دہلی کے زیر اہتمام انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں جلسہ سیرت النبیﷺکا انعقاد کیا گیا جس کا آغاز قاری محمد سلیمان قاسمی کی تلاوتِ قرآن سے ہوا۔ جلسہ کی صدارت ڈاکٹر سیّد فاروق نے کی اور نعتیہ کلام حافظ محمد افضال اور ڈاکٹر تابش مہدی نے پیش کیا۔ اس موقع پر سیرت سوینیر 2023ءکا اجراءمولانا خالد رشید فرنگی محلی کے ذریعہ عمل میں آیا۔ حضرت مولانا نے فرمایا کہ مسلم پرسنل لا شریعت کا اٹوٹ حصّہ ہے۔ وراثت کے قانون خود قرآن میں بیان کئے گئے ہیں، لہٰذا کوئی مسلمان اس سے گریزنہیں کرسکتا۔ نئی نسل کی ایمان اور عقیدے کی حفاظت ضروری ہے۔ اللہ نے قرآن کی حفاظت کا وعدہ فرمایا جبکہ دوسری آسمانی کتابوں کا نہیں۔ قرآن علوم و فنون کا خزانہ ہے جسے پڑھ کر تاریخ نے ابن سینا، زہراوی، جابر حبان اور اسحاق الکندی جیسے علما اور سائنس داں پیدا کئے اس لئے ہمیں اپنے بچوں کو علم کی دولت سے مالامال کرنا چاہیے ہمارے آئین میں اس کے لئے پورے اختیارات دیئے گئے ہیں۔ علم ہی کی بدولت آج ایک قدم پوری دنیا پر حکومت کر رہی ہے۔ بچوں کی تعلیم کے ساتھ تربیت بھی ضروری ہے۔ مولانا نے حقوق العباد کی طرف بھی توجہ دلائی۔ خاص کر ماں باپ اور میاں بیوی کے حقوق، انھوں نے کہا کہ ساری مخلوق اللہ کا کنبہ ہے۔ ان سے قبل ڈاکٹر شفیق احمد اصلاحی نے حضورﷺ کی حدیث کی روشنی میں موت اور اللہ کے ڈر کی طرف توجہ دلائی۔ چونکہ موت کے بعد انسان کا عمل ہی ساتھ جائے گا۔ انہوں نے تقویٰ کی تعریف بیان کی۔ اتحادِ مسلم کی ضرورت اور قرآن کو مضبوطی سے پکڑنے اور ملت میں اتحاد کی ضرورت کی بات کی۔ اسی سے ہمارے سارے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔
ڈاکٹر سیّد فاروق نے سیرت کی روشنی میں زندگی گزارنے کا عمل، روزی کمانے کا عمل اور اپنے خیالات کو بیان کرنے کے عمل پر توجہ دلائی اور ماں باپ اور میاں بیوی کے حقوق پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے قرآنِ مجید اور سیرت کی روشنی میں معاملات کو سمجھنے اور سیکھنے کی بات کی اور کہا کہ چھوٹی موٹی غلطیوں پر معاف کرنا سیکھیں۔
اس موقع پر سیرت النبیﷺکمیٹی کے سکریٹری کوثر علی نے نظامت کرتے ہوئے کمیٹی کی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ کمیٹی ہر سال مختلف علاقوں میں جلسہ، سیمینار اور افطار کاپروگرام کرتی آرہی ہے اور اب تک 140 سے زیادہ پروگرام کئے جاچکے ہیں۔ جلسہ کے اختتام پر کمیٹی کے صدر عبدالرشید نے حضورﷺ کے مسلمانوں پر حقوق بیان کئے اور علمائ کرام، اسلامک سینٹر، انتظام کرنے والے اراکین اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔ حضرت مولانا خالد رشید فرنگی محلی کی دعا پر جلسہ کا اختتام ہوا۔