نئی دہلی 9مارچ(ایچ ڈی نیوز)۔
انڈین یونین مسلم لیگ دہلی پردیش کے صدر مولانا نثار احمد نقشبندی اور جنرل سکریٹری شیخ فیصل حسن نے اند لوک کے اے سی پی مسٹر پرشانت چودھری ایس ایچ او مسٹر مینا سے ملاقات کر کے تفصیلی معلومات حاصل کی ۔مسلم لیگ نے مطالبہ کیا کہ چوکی انچارج منوج تومر کو مستقل برخاست کیا جائے اور فاسٹ ٹریک کورٹ کے ذریعے اس کی سنوائی کرکے اس پردیش دروہ کا مقدمہ درج کیا جائے۔ چونکہ سجدے کی حالت میں نمازی کو لات مارنے سے دنیا بھر میں ہندوستان کی شبیہ داغدار ہوئی ہے۔اب یہ معاملہ عالمی بن چکا ہے ۔ہمارے ملک کے تعلقات مسلم ممالک سے بہتر ہیں وہاں ہمارے ملک کی بدنامی ہورہی ہے ۔
شیخ فیصل حسن نے مطالبہ کیا کہ اس پر جلد از جلد کارروائی کی جائے تاکہ دنیا میں جو بدنامی ہوئی ہے اس کا ازالہ ہو سکے ۔ایس ایچ او اور اے سی پی مسلم لیگ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پولیس و انتظامیہ اس پر سخت کارروائی کرے گی ۔
مولانا نثار احمد نقشبندی نے کہا کہ ضرورت پڑی تو اس معاملہ کو پارٹی کورٹ تک لے کر جائے گی اورخاطی پولیس افسر کو سخت سے سخت سزا دلائے گی ،انہوں نے کہا کہ سجدہ کی حالت میں نمازی کو لات مارنا انتہائی مذموم حرکت ہے اس سے اس کے ذہن میں بھری نفرت کا پتہ چلتا ہے ۔یہ ملک گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ ہے ہم اسے پراگندہ ہونے نہیں دیں گے بلکہ ایسے نفرتی لوگوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کورٹ کے دروازے تک کو کھٹکھٹائیں گے۔انڈین یونین مسلم لیگ دہلی پردیش حکومت و انتظامیہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ اس کی صرف معطلی کافی نہیں ہے بلکہ اسے مستقل برخاست کیا جائے اور سخت سے سخت فاسٹ ٹریک کے ذریعے کارروائی کی جائے۔