نئی دہلی13جنوری۔ انڈین یونین مسلم لیگ دہلی پردیش کے صدر مولانانثار احمد نقشبندی کی قیادت میں پردیش کمیٹی نے آ ج پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ حارث میران سے ملاقات کرکے دہلی پردیش کی سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا اور پارٹی کی سرگرمیوں سے واقف کرایا۔
اس ملاقات کے دوران دہلی اسمبلی انتخاب کے سلسلے میں تبادلہ خیال ہوا جس کے نتیجے میں ممبر پارلیمنٹ نے واضح کیا کہ انڈین یونین مسلم لیگ ”انڈیا اتحاد “میں ایک مضبوط اور پائیدار پارٹی کی حیثیت سے شامل ہے۔یہ الگ بات ہے کہ دہلی میں عام آدمی پارٹی اور کانگریس کا اتحاد نہیں ہوسکا ہے۔پھر بھی مسلم لیگ انڈیا اتحاد کا خیال کرتے ہوئے انتخاب میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کرتی ہے اور اپنے تمام کارکنان اور پارٹی سے منسلک تمام ووٹرس سے اپیل کرتی ہے کہ انڈیا اتحاد میں شامل دونوں پارٹیوں میں سے جو بھی اچھے اور لائق امیدوار ہیں اس کے حق میں ووٹ کریں۔
مسلم لیگ انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیوں کے مناسب امیدواروں کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کرتی ہے۔کمیٹی میں شامل دہلی پردیش جوائنٹ سکریٹری شیخ فیصل حسن ،نائب صدر مولانا معین الدین انصاری ،نور شمس،مسرور احمد صدیقی ایڈوکیٹ اور غازی موجود تھے۔
