9.1 C
Delhi
December 13, 2024
Hamari Duniya
Breaking News بین الاقوامی خبریں

ظالم اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں معصوم فلسطینی شہریوں پر گولیاں برسا دیں، 6 شہید

غزہ،26 نومبر:فلسطینی وزارت صحت کے مطابق ہفتے کے روز غرب اردن میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے چھ فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ ان میں سے چار جنین میں، ایک مغربی کنارے کے شمال میں واقع قصبے قباطیہ میں اور ایک فلسطینی جنوبی علاقے البیرہ میں مارا گیا۔

وزارت صحت نے ہفتے کی صبح اطلاع دی کہ پچیس سالہ ڈاکٹر شامخ کمال ابو الرب اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے قباطیہ قصبے میں شہید ہو گئے۔ وزیر صحت می الکیلا نے بتایا کہ فائرنگ میں ابو الرب کا ایک بھائی زخمی ہوا ہے۔ جنین میں بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ شہرمیں گھسنے کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے چار فلسطینی مارے گئے۔

حال ہی میں اقوام متحدہ کے مطابق مغربی کنارے میں تقریباً 20 سالوں میں سب سے زیادہ پرتشدد اسرائیلی کارروائی کا مشاہدہ کیا گیا جس میں 14 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔

عینی شاہدین نے ’اےایف پی‘ کو بتایا کہ اسرائیلی فوج کی بڑی تعداد نے ہفتے کی شام جنین شہر پر ایک فوجی بلڈوزر کے ساتھ دھاوا بول دیا۔ اس کے ماہر نشانچی عمارتوں کی چھتوں اور جینن کیمپ کے مضافات میں تعینات کیے گئے جس کے بعد انہوں نے فلسطینیوں پر حملے کیے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ جنین گورنمنٹ ہسپتال اور ابن سینا ہسپتال کے ارد گرد فوج کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ انہی ذرائع کے مطابق جنین کی فضائی حدود میں ڈرون کو پرواز کرتے دیکھا گیا ہے۔

“جنین بریگیڈ” جس میں مختلف فلسطینی دھڑے شامل ہیں نے اعلان کیا کہ اس کے ارکان کیمپ کے آس پاس گھسنے والی اسرائیلی افواج کے ساتھ پرتشدد مسلح جھڑپوں میں مصروف ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے جنین کیمپ پر دھاوا بول کر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوئے۔ اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے جنوبی شہر البیرہ میں گولیاں مار کر ایک سولہ سالہ لڑکے کو شہید کر دیا۔

وزارت صحت اور ہلال احمر سوسائٹی نے رپورٹ کیا کہ مغربی کنارے کے مختلف مقامات پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 17 فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ مغربی کنارے کے جنوب میں واقع دورا شہر میں فائرنگ سے ایک شہری شدید زخمی ہوگیاہے۔

قابل ذکر ہے کہ مغربی کنارے میں سات اکتوبر کو غزہ کی پٹی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے اعداد وشمار کے مطابق سات اکتوبر سے اب تک مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج اور آبادکاروں کی فائرنگ سے 230 سے زائد فلسطینی جاں بحق اور 2950 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

Related posts

قیامت خیز زلزلہ کے درمیان ترکیہ کیلئے راحت بھری خبر

Hamari Duniya

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے متعلق امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے دعویٰ سے کہرام نیویارک

Hamari Duniya

جنوبی افریقہ سے شکست کے باوجود خواتین ٹیم کے حوصلے بلند ہیں دیپتی شرما

Hamari Duniya