تل ابیب(ایچ ڈی نیوز)
فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیلئے اسرائیلی داخلی سلامتی کے ادارے’شن بیٹ‘ کے سربراہ مصر کے دورے پرپہنچ گئے ہیں۔ جہاں وہ مصری حکام سے ملاقات کریں گے۔عربی ٹی وی چینل’العربیہ‘ کے ذرائع نے اتوار کے روز اسرائیلی شن بیٹ سکیورٹی سروس کے سربراہ کی مصر آمد کی تصدیق کردی ہے۔ اطلاع کے مطابق مصری انٹیلی جنس چیف نے متعدد اہم امورکی وجہ سے تل ابیب کا دورہ منسوخ کر دیا ہے۔ مصر نے غزہ میں اسرائیل کی بلاجواز کشیدگی پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
’شن بیٹ‘ کے سربراہ کا دورہ مصر قاہرہ اور تل ابیب کے درمیان کشیدہ تعلقات کے پس منظر میں اسرائیل کی جانب سے غزہ میں کشیدگی کو کم کرنے کے اپنے وعدوں کی پاسداری میں ناکامی کے تناظر میں آیا ہے۔
واضح رہے کہ اگست کے اوائل میں اسرائیل نے فضائی حملے اور بھاری توپ خانے سے غزہ پر چڑھائی کی تھی۔اس میں زیادہ تر غزہ میں اسلامی جہاد تحریک کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔اسرائیلی فورسز کا کہنا تھا کہ اس نے اپنی کارروائی کو اسلامی جہاد پر مرکوز کررکھا ہے جو کہ ایران کی حمایت یافتہ مسلح گروپ ہے جبکہ حماس کے ساتھ براہ راست تصادم سے گریز کیا جو کہ 2007 سے ساحلی غزہ کی پٹی پر حکمرانی کرنے والی سب سے بڑی تحریک ہے۔سات اگست کو اسلامی جہاد اور تل ابیب کے درمیان مصر کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی سے قبل تین دن تک جاری رہنے والی کشیدگی کے نتیجے میں درجنوں فلسطینیوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔