غزہ،17جولائی(ایچ ڈی نیوز)۔
غزہ میں گزشتہ روز 1 گھنٹے میں ہوئے 3 اسرائیلی فضائی حملوں میں 48 افراد شہید ہو گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ سول ڈیفنس ایجنسی نے بتایا ہے کہ ان حملوں میں وسطی غزہ کے علاقے نصیرات میں اقوامِ متحدہ کے زیرِ انتظام ایک اسکول پر حملے میں کم از کم 25، جنوبی خان یونس میں 18 اور شمالی غزہ کے علاقے بیتِ لاہیہ میں 5 افراد شہید ہوئے۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت کابینہ کے اجلاس میں غزہ میں اسرائیل کی جنگ کے دوران جاری فلسطینیوں کی نسل کشی کی مذمت کی گئی۔سعودی میڈیا کے مطابق اجلاس میں غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی اور مقبوصہ فلسطینی علاقوں میں شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے مطالبے کا اعادہ کیا گیا۔بین الاقوامی انسانی قوانین اور قانونی قراردادں کی مسلسل اسرائیلی خلاف ورزیوں کے حوالے سے بین الاقوامی احتسابی میکانزم کو فعال کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
اجلاس میں علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر سیاسی امور کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔دنیا کو درپیش چیلنجوں اور بحرانوں کی روشنی میں اقوام کے درمیان تعاون اور پرامن بقائے باہمی کے لیے ایک فریم ورک فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔کابینہ نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں پر پابندی لگانے اور ان کے پھیلاو کو روکنے کےلیے مملکت کے عزم کا اعادہ کیا۔
اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ 9 ماہ کی جنگ میں غزہ میں انروا کے 70 فیصد اسکولوں پر بم باری کی گئی ہے جن کے احاطے میں پناہ لینے والے 539 افراد شہید ہو چکے ہیں۔یونیسیف نے جنوبی لبنان میں گھر کے باہر کھیلتے بچوں کو نشانہ بنانے کو خوفناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت بچوں کو تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔