ملبورن،۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی ٹیم بارش کے باعث الٹ پھیرکا شکار ہو گئی ہے۔ بارش سے رخنہ انداز میچ میں آئرلینڈ نے انگلینڈ کو ڈک ورتھ لوئس اصول کی بنیاد پر پانچ رن سے شکست دے دی۔
اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر آئرلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ آئرلینڈ کی پوری ٹیم 19.2 اوورز میں 157 رن پر ڈھیر ہوگئی۔
158 رن کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کا آغاز خراب رہا اور ٹیم صرف 14 رن پر کپتان جوس بٹلر (00) اور ایلکس ہیلز (07) کی وکٹیں گنوا بیٹھی۔ 29 رن کے مجموعی اسکور پر فیون ہینڈ نے بین اسٹوکس (06) کو بولڈ کر کے انگلش ٹیم کو بڑا جھٹکا دیا۔ ہیری بروک بھی 67 کے اسکور پر 18 رن بنا کر آو¿ٹ ہوئے۔ 86 کے اسکور پر انگلینڈ نے اپنا پانچواں وکٹ ڈیوڈ ملان (35) کی صورت میں گنوایا۔ اس کے بعد معین علی (24) نے کچھ تیز ہاتھ دکھائے اور انگلینڈ کے اسکور کو 100 سے آگے لے گئے۔ انگلینڈ نے 14.3 اوور میں 5 وکٹوں پر 105 رن بنائے تھے، بارش آنے کے بعد کھیل روک دیا گیا،
جس وقت کھیل روکا گیا، انگلینڈ کی ٹیم ڈک ورتھ لوئس اصول کی بنیاد پر 5 رن پیچھے تھی، کھیل دوبارہ شروع نہیں ہو سکا اور آئر لینڈ کو 5 رن سے جیت ملی۔ معین علی 24 اور لیام لیونگسٹون 1 رن بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ آئرلینڈ کی جانب سے جوشوا لٹل نے 2 اور بیری میکرتھی، فیون ہینڈ اور جارج ڈوکریل نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان اینڈریو بالبرنی کے 62 رن کی شاندار نصف سنچری کی بدولت 19.2 اوور میں 157 رن بنائے۔ بالبرنی کے علاوہ لورکن ٹکر نے 34، کرٹس نیفر نے 18 اور پال اسٹرلنگ نے 14 رن بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ اور لیام لیونگ اسٹون نے 3-3، سیم کرن نے 2 اور بین اسٹوکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔