تہران،29اپریل(ایچ ڈی نیوز)۔
سحر اردو ٹی وی چینل کے زیر اہتمام ماہ رمضان میں منعقدہ “اقرا” بین الاقوامی قرآنی مقابلہ اختتام پذیر ہوگیا۔ یہ بین الاقوامی مقابلہ یکم رمضان سے آخر رمضان تک ایران کے “سحر اردو ٹی وی چینل” پر براہ راست نشر ہوتا رہا۔ اس کے بعد انعام یافتگان کے انتخاب کا عمل انجام پایا اور مقابلے کے ججوں نے بخوبی یہ عمل انجام دیا۔ مقابلے کے آخری مرحلے یعنی فائنل میں ججوں نے تین قاری حضرات علی رضا عادلی ، محمد الیاس اخلاقی اور کامران مسعود ی کو پہلے، دوسرے اور تیسرے انعام کا مستحق قرار دیا۔ پہلے انعام کے حقدار علی رضا عادلی نے مجموعی طور پر 89 پوائنٹ حاصل کئے، دوسرے انعام کے حقدار محمد الیاس اخلاقی نے 88 پوائنٹ حاصل کئے اور کامران مسعودی 87 اعشاریہ 25 پوائنٹ حاصل کرکے تیسرے انعام کے مستحق قرار پائے۔ تینوں قاری حضرات کا تعلق پاکستان سےہے۔پہلے انعام کے لئے 2000 یورو (تقریباً ایک لاکھ 80 ہزار روپے)، دوسرے انعام کے لئے 1500 یورو(تقریباً ایک لاکھ 35 ہزار روپے) جبکہ تیسرے انعام کے لئے 1000 یورو(تقریباً 90 ہزار روپے)مختص کئے گئے جو انعام یافتگان کو بھیجے جا رہے ہیں۔
ا±دھر اقر ا قرآنی مقابلے کے ساتھ ساتھ خواتین کے لئے ایک کوئز پروگرام بھی چلتا رہا جس میں کچھ سوالات پوچھے گئے اور صحیح جواب دینے والی خواتین کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے 5 انعام یافتگان کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعہ کیا گیا۔ قرعہ اندازی کے ذریعہ منتخب 5 خواتین انعام کی مستحق قرار پائ?ں۔کوئز کے 5 انعامات کے لئے 100/100 یورو مختص کئے گئے تھے۔ خواتین کو بھی انعام کی رقم بھیجی جا رہی ہے۔ انعام کی مستحق 5 خواتین کے نام ہیں:عذرا رضوی ، ہندوستان- محدثہ زینب، ہندوستان-عفت شبیر، پاکستان-بی بی شگوفہ، پاکستان- ضیا فاطمہ نقوی ، پاکستان۔
سحر اردو ٹی وی کے اقرا بین الاقوامی قرآنی مقابلے کا پہلا مرحلہ 24 رمضان تک جاری رہا جس کے دوران قاریان کرام نے اپنی تلاوت پر مشتمل ارسال کردہ ویڈیو فلم کے ذریعہ مقابلے میں شرکت کی۔ اس کے بعد سیمی فائنل اور فائنل کا مرحلہ تھا اور ان دونوں مرحلوں میں قاریان کرام نے اسکائپ کے ذریعہ براہ راست شرکت کی۔
قابل ذکر ہے کہ اس سال اقر ا قرآنی مقابلے نے اپنا تیسرا سفر کامیابی کے ساتھ طے کیا جس میں ہندوستان، پاکستان اور افغانستان سمیت مختلف ممالک سے مجموعی طور پر 69 قاریان کرام نے شرکت کی۔ اس مقابلے کے ججوں میں برصغیر پاک و ہند کے چار ممتاز قرآنی اساتذہ استاد سید صداقت علی، استاد حافظ جنت حسین شاہ، استاد عزادار عباس خان اور استاد محمد وجاہت رضا شامل تھے۔ گزشتہ دو سال کی طرح سید باقر رضا کاظمی نے اس دفعہ بھی میزبانی کے فرائض بنحو احسن انجام دیئے۔
