تہران،23مئی(ایچ ڈی نیوز)۔
ایران نے علی رضا عنایتی کو سعودی عرب میں اپنا سفیر مقرر کردیا۔سعودی میڈیا کے مطابق علی رضا عنایتی ایران کے وزیر خارجہ کے اسسٹنٹ کے طور پر کام کرچکے ہیں۔ علی رضا ایرانی وزارت خارجہ میں عرب خلیج امور کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہ چکے ہیں۔علاوہ ازیں علی رضا 2014 سے 2019 تک کویت میں ایران کے سفیر رہ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ مارچ میں چین کی ثالثی میں سعودی عرب اور ایران نے سفارتی تعلقات کی بحالی کا اعلان کیا تھا۔معاہدے کے تحت دونوں ممالک نے سفارت خانے اور قونصل خانے دوبارہ کھولنے سمیت سیکورٹی اور اقتصادی تعاون کے معاہدوں پر عمل درآمد پر اتفاق کیا تھا۔
سعودی عرب اور ایران نے رواں ماہ کے شروع میں بیجنگ میں 2016 سے منقطع تعلقات کو بحال کرنے اور دو ماہ کے اندر دونوں ممالک میں سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔اس معاہدے کے بعد تینوں ممالک کی جانب سے ایک سہ فریقی اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں ہر ملک کی خودمختاری کا احترام اور اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کا اعادہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ وزرائے خارجہ کا ایک اجلاس منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا جس میں سفیروں کے تبادلے کے انتظامات اور ان کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقہ کار کے ساتھ ساتھ معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، سائنس، ثقافت، کھیل اور نوجوانوں کے شعبوں میں تعاون کے لیے 1998 میں دستخط کیے گئے عمومی معاہدے کو فعال کرنے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
