جمہوریت کے مندر میں کھڑے ہونے پر بہت جوش اور فخر محسوس ہوتا ہے، لیکن ساتھ ہی یہ تذبذب بھی ہے کہ ہم اپنے لوگوں کی اچھی نمائندگی کر پائیں گے یا نہیں۔اقراء حسن
نئی ہلی:25جون(ایجنسیاں /ایچ ڈی نیوز)اٹھارویں لوک سبھا کے نو منتخب ممبران کے رکن پارلیمنٹ کے طور پرآج دوسرے دن بھی حلف کاسلسلہ جاری رہا ۔مغربی اتر پردیش کی کیرانہ2،لوک سبھا سیٹ سے نو منتخب اور سماج وادی پارٹی کی رکن پارلیمنٹ اقرا حسن نے بھی آج رکن پارلیمنٹ کے طور پر حلف لیا۔ اقراء حسن مسلسل تیسری بار سماج وادی پارٹی کے کیرانہ ایم ایل اے چودھری ناہید حسن کی چھوٹی بہن ہیں۔ایس پی ایم پی اقرا ءحسن حلف لینے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے مندر میں کھڑے ہونے پر بہت جوش اور فخر محسوس ہوتا ہے، لیکن ساتھ ہی یہ تذبذب بھی ہے کہ ہم اپنے لوگوں کی اچھی نمائندگی کر پائیں گے یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت کوئی بھی ہو، آئین کے مطابق کام کرے، ہمیں آئین سے ہی ہر حق ملتا ہے۔ حکومت یا پارٹی کوئی بھی ہو،آئین سب سے بالاتر ہے۔
دوسرے دن ہی اے آئی ایم آئی ایم کےسربراہ اسد الدین اویسی نے 18ویں لوک سبھا کی کارروائی کے دوسرے دن رکن پارلیمنٹ کے طور پر حلف لیا۔ حلف لینے کے دوران اویسی نے ‘جئے فلسطین’ کا نعرہ لگا کر تنازعہ کھڑا کردیا۔انہوں نے ابتداء میں بسم اللہ پڑھے اور اخیر میں جے بھیم،جے بھارت،جے فلسطین کا نعرہ لگا۔واضح رہے کہ پارلیمنٹ کے اجلاس کے پہلے دن 266 ارکان پارلیمنٹ نے حلف اٹھایا تھا، سب سے پہلے پی ایم نریندر مودی اور آخر میں مدھیہ پردیش کے دنیشور پاٹل نے حلف لیا۔ اس دوران بہار، دہلی، گجرات اور مدھیہ پردیش سمیت 19 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 266 ارکان پارلیمنٹ نے حلف لیا۔بتادیں کہ گزشتہ کل،18ویں لوک سبھا کے پہلے خصوصی اجلاس میں پہلے دن 266 ممبران پارلیمنٹ نے لوک سبھا ممبران کے طور پر حلف لیا۔ اس میں وزیر اعظم نریندر مودی، راج ناتھ سنگھ، امت شاہ، نتن گڈکری، منوہر لال کھٹر اور دیگر مرکزی وزراء شامل تھے۔ یہ حلف ارکان اسمبلی کو ریاستی اعتبار سے دلایا گیا۔ پروٹیم اسپیکر بھرتری ہری مہتاب نے ارکان پارلیمنٹ کو حلف دلایا۔ اس سے پہلے صدر دروپدی مرمو نے بھرتری ہری مہتاب کو پروٹیم اسپیکر کے عہدے کا حلف دلایا۔ اس دوران اپوزیشن کی جانب سے ہنگامہ آرائی ہوئی۔ اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ نے آئین کی کاپیاں اٹھا کر احتجاج کیا۔پروٹیم اسپیکر کے انتخاب سےانڈیا اتحاد کے اراکین پارلیمنٹ ناراض ہیں۔ اس بارے میں پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ پارلیمنٹ کی تاریخ میں پروٹیم اسپیکر پر کبھی بھی ایشو نہیں رہا۔ ہم آئین اور قواعد کے مطابق کام کرتے ہیں، تمام ارکان کو مل کر پارلیمنٹ چلانا ہے۔ اس کے ساتھ ہی لوک سبھا اسپیکر کا انتخاب 26 جون کو ہوگا۔ادھر گزشتہ کل پروٹیم اسپیکر بھرتری ہری مہتاب نے وایناڈ لوک سبھا سیٹ سے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے۔ راہل گاندھی نے رائے بریلی لوک سبھا سیٹ برقرار رکھی ہے ۔پارلیمنٹ کا اجلاس شروع ہونے سے پہلے کانگریس لیڈر سونیا گاندھی نے کہا کہ آئین کی بات کریں گے۔ اپوزیشن نے پارلیمنٹ ہاؤس میں گاندھی کے مجسمے کے سامنے آئین کی کاپی لے کر احتجاج کیا۔سونیا گاندھی نے کہا کہ میں تمام اراکین پارلیمنٹ سے درخواست کروں گی کہ اس موقع کو مفاد عامہ کے لیے استعمال کریں۔ اپوزیشن سے توقع ہے کہ وہ 18ویں لوک سبھا میں جمہوریت کے وقار کو برقرار رکھے گی۔ ملک کو اچھی اپوزیشن کی توقع ہے۔بھارت جوڑو کے نعروں کے درمیان ہاتھ میں بھارتی آئین کی کاپی لئے کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے آج لوک سبھا کے رکن کی حیثیت سے حلف لیا۔ جیسے ہی راہول گاندھی لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ کے طور پر حلف لینے کے لیے کرسی صدارت کے قریب پہنچے تو ایوان میں ’’جوڈو جوڈو، بھارت جوڑو‘‘ کے نعرے بلند کئے گئے۔ رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے حلف لینے کے بعد راہول گاندھی نے آئین کو ہاتھ میں اٹھائے، ’’جئے ہند جئے سمیدھان‘‘ کا نعرہ لگایا۔