نئی دہلی، 16فروری ۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 سیزن کا مکمل شیڈول اتوار کے روز جاری کر دیا گیا۔ افتتاحی میچ 22 مارچ کو کولکاتا کے ایڈن گارڈنز میں دفاعی چیمپئن کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر ) اور رائل چیلنجرز بنگلور ( آر سی بی ) کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دوسرا بڑا میچ 23 مارچ کو ممبئی انڈینز (ممبئی ) اور چنئی سپر کنگز (سی ایس کے ) کے درمیان چنئی میں شام 7.30 بجے سے کھیلا جائے گا۔ فائنل 25 مئی کو ایڈن گارڈنز، کولکاتا میں ہوگا۔
آئی پی ایل 2025 کے سیزن میں ان 10 ٹیموں کے درمیان 65 دنوں میں فائنل سمیت کل 74 میچ کھیلے جائیں گے۔ جس میں کل 12 ڈبل ہیڈر میچز کھیلے جائیں گے۔ یہ تمام ڈبل ہیڈرز صرف ہفتہ اور اتوار کو ہوں گے۔ آئی پی ایل کے تمام میچز ہندوستان میں ہی 13 مقامات پر ہوں گے۔ دوپہر کے میچ 3.30 بجے سے کھیلے جائیں گے جبکہ شام کے میچ 7.30 بجے شروع ہوں گے۔
واضح ہو کہ آئی پی ایل 2024 کا سیزن بھی بہت دلچسپ رہاتھا۔ اس میں کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر ) نے فائنل میچ میں سن رائزرز حیدرآباد (ایس آر ایچ ) کو شکست دے کر خطاب جیت لیا تھا۔
