احمد آباد، 28 مئی (ایچ ڈی نیوز)۔
احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں اتوار کی شام آئی پی ایل کے فائنل میچ سے قبل طوفانی بارش نے تباہی مچادی۔ احمد آباد کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ کچھ علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی ہے۔ آئی پی ایل فائنل کو لے کر صبح سے ہی لوگوں میں جوش و خروش تھا، لوگوں کا ہجوم موٹیرا اسٹیڈیم کی جانب جمع تھا، لیکن آخری لمحات میں بارش نے لوگوں کا جوش و خروش ختم کردیا۔
اتوار کی شام آئی پی ایل کے فائنل میچ کے ساتھ اختتامی تقریب کا انعقاد ہونا تھا۔ تقریب شروع ہونے سے پہلے ہی بارش شروع ہو گئی۔ چاند کھیڑا، موٹیرا، وسترا پور، سیٹلائٹ، نوا وڈج، لال دروازہ، رائے پور، پالڈی اور احمد آباد کے دیگر علاقوں میں بجلی گرنے کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔ آئی پی ایل میچ کے لیے تیار نریندر مودی اسٹیڈیم کے علاقے میں تیز ہوا کے ساتھ بارش ہوئی۔
احمد آباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع سے بھی بارش کی اطلاعات ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سوراشٹرا، شمالی گجرات کے علاقے میں اتوار سے 3 تاریخ تک بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔ اتوار کو دوپہر کے بعد بھاو نگر سمیت ولبھی پور شہر میں اچانک موسم بدل گیا۔ ولبھی پور شہر میں تیز ہوا کے ساتھ موسلادھار بارش شروع ہوگئی۔ پچیگام، ناواگام، چمرڈی، رام پور سمیت ولبھی پور تحصیل کے دیہاتوں میں بارش ہوئی۔ بوٹاڈ کے علاقے بروالہ میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ پورے علاقے میں سیاہ بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے۔ تحصیل بروالا کے کنڈل، بیلہ، ٹمبلہ سمیت دیہات میں بارش ہوئی۔ شمالی گجرات کے پاٹن میں تیز ہوا کے ساتھ بارش کی خبر ہے۔ یہاں بھی دوپہر کو بارش شروع ہو گئی۔ پاٹن کے ہریج، ککرانہ، اڈیہ، بوراٹواڑا، سپرا سمیت دیہاتوں میں بارش ہوئی۔
