نئی دہلی ، 26جنوری (ایچ ڈی نیوز)۔
ٹیم انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین میچوں کی ٹی 20 سیریز27 جنوری سے شروع ہونے والی ہے لیکن اس میچ سے پہلے بھارتی ٹیم کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ نوجوان بلے باز رتوراج گائیکواڈ کلائی میں درد کے باعث سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ رتوراج اپنی چوٹ اورریہیبلی ٹیشن کے لیے بنگلورو میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے ) گئے ہیں۔
رتوراج گائیکواڑ رنجی ٹرافی کے موجودہ سیزن میں کھیل رہے تھے۔ انہوں نے اپنا آخری میچ حیدرآباد کے خلاف 17 جنوری کو کھیلا تھا۔ حالانکہ اس میچ میں ان کی کارکردگی کچھ خاص نہیں رہی اور انہوں نے دونوں اننگ میں محض 8 رن بنائے۔ اس میچ کے بعد انہوں نے بی سی سی آئی کو اپنی کلائی کی حالت سے آگاہ کیا۔
یہ دوسرا موقع ہے جب رتوراج کو کلائی کی تکلیف کی وجہ سے باہر کیا گیا ہے۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز اسی طرح کی انجری کی وجہ سے گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف ٹی ۔20 انٹرنیشنل میں شرکت نہیں کر پائے تھے جبکہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف گھریلو ون ڈے سیریز کووڈ کی وجہ سے کھیلنے سے محروم رہ گئے تھے۔
تاہم رتوراج گائیکواڈ کے متبادل کے طور پر کسی کھلاڑی کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔ ایسے میں ٹیم میں واپسی کرنے والے دھماکہ خیز بلے باز پرتھوی شا کے کھیلنے کا امکان بڑھ گیا ہے۔آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کے لیے ہندوستانی ٹیم میں منتخب کیے گئے رویندر جڈیجا بھی رنجی کھیل رہے ہیں۔ جڈیجا سے کہا گیا کہ وہ اپنی فٹنس ثابت کریں اور اسی لیے وہ تمل ناڈو کے خلاف اپنی ٹیم سوراشٹرا کے لیے کھیل رہے ہیں اور کپتانی کی ذمہ داری سنبھال رہے ہیں۔ تاہم، ان کی فٹنس رپورٹ 1 فروری کو دستیاب ہوگی اور اس کے بعد ہی بی سی سی آئی بارڈر-گاوسکر ٹرافی کے لیے جڈیجا کی دستیابی پر کوئی فیصلہ کرے گی۔ سیریز کا کیمپ 2 فروری سے شروع ہونا ہے اور اس سے قبل بائیں ہاتھ کے آل راونڈر کی فٹنس کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔