نئی دہلی(ایچ ڈی نیوز)۔ روایتی حریف بھارت اور پاکستان کے درمیان عالمی کپ کے سپرمقابلے میں بھارتی ٹیم نے پاکستان کو 4 وکٹ سے شرمناک شکست دے دی۔ پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 160 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آر اشون نے آخری بال پر ایک رن لے کر بھارتی ٹیم کو جیت دلا دی۔۔ وراٹ کوہلی نے ناٹ آؤٹ 53 گیند پر82 رن جس میں 4 چھکے اور 6 چوکے شامل ہیں، اننگ کھیل کر بھارت کی جیت میں اہم رول ادا کیا۔
ہاردک پانڈیا نے بھی 40 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی۔ اس پہلے بھارتی گیند بازوں نے میچ کے شروعاتی اوورز اور میڈل اوورز میں شاندار گیند بازی کی جس کی وجہ سے پاکستان 159 رن تک ہی پہنچ سکا۔ ارشدیپ سنگھ اور ہاردک پانڈیا بھارتی ٹیم کے لئے گیند بازی میں کافی اثردار ثابت ہوئے۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم ٹاس ہاکر کر پہلے بلے بازی کرنے اتری لیکن اس کا آغاز نہایت ہی خراب رہی۔کپتان بابر اعظم بغیر کھاتہ کھولے ہی ارشدیپ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
محمد رضوان بھی صرف چار رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس وقت پاکستان کا کل اسکور محض 15 رن تھا۔ اس کے بعد شان مسعود اور افتخار احمد نے تھوڑی جدوجہد کی اور دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 52 اور 51 رن بنائے۔اس کے علاوہ صرف شاہین آفریدی ہی 16 رن بناسکے۔ اور کوئی بھی پاکستانی بلے باز دو ہندسوں میں نہیں پہنچ سکا۔بھارت کی جانب سے ارشدیپ نے 3 اور ہاردک پانڈیا نے 3 وکٹ حاصل کئے۔ جبکہ بھونیشور کمار اور محمد شمی نے ایک ایک وکٹ حاصل کئے۔