نئی دہلی ، 11 اکتوبر (ایچ ڈی نیوز)۔
کپتان روہت شرما ( 131) کی تاریخی سنچری کی بدولت بھارت نے افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ کپ میں مسلسل دوسری جیت درج کر لی۔ اس میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 272 رنز بنائے جس کے جواب میں بھارت نے روہت کی طوفانی سنچری کی بدولت 35 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنا کر کامیابی حاصل کی۔
273 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے والی بھارتی ٹیم کو کپتان روہت شرما اور ایشان کشن نے تیز آغاز فراہم کیا ، بالخصوص روہت نے ٹی 20 کے انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے افغان گیند بازوں کی خوب خبر لی اور صرف 30 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ ایشان اور روہت نے صرف 18.3 اوورز میں 156 رنز جوڑے۔ اس دوران روہت نے صرف 63 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔ایشان کشن 156 کے مجموعی سکور پر 47 رنز بنا کر راشد خان کا شکار بنے جبکہ 205 کے مجموعی سکور پر روہت 131 رنز بنا کر راشد کا دوسرا شکار بنے۔ راشد نے انہیں بولڈ کیا۔ روہت نے 84 گیندوں کا سامنا کیا اور 16 چوکے اور 5 چھکے لگائے۔
اس کے بعد کوہلی اور شریس ایئر نے مزید کوئی نقصان نہیں ہونے دیا۔ ہندوستانی ٹیم نے 35 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنا کر کامیابی حاصل کی۔ کوہلی نے 56 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 55 رنز کی شاندار نصف سنچری اسکور کی جب کہ شریس ایئر 23 گیندوں پر 1 چوکے اور 1 چھکے کی مدد سے 25 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔افغانستان کی جانب سے دونوں وکٹیں راشد خان نے حاصل کیں۔
قبل ازیں یہاں ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ورلڈ کپ کے نویں میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان حشمت اللہ شاہدی ( 80) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 272 رنز بنائے۔ عظمت اللہ عمرزئی ( 62)۔
اس میچ میں افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے افغانستان کو ٹھوس آغاز فراہم کیا ، حالانکہ یہ دونوں اپنی شراکت کو زیادہ آگے نہ لے جا سکے اور 31 کے مجموعی سکور پر جسپریت بمراہ نے زدران کو راہول کے ہاتھوں کیچ کروا کر بھارت کو پہلی کامیابی دلائی۔ زدران نے 22 رنز بنائے۔ 13ویں اوور میں ہاردک پانڈیا نے گرباز ( 21) کو آوٹ کیا اور 14ویں اوور میں شاردول ٹھاکر نے رحمت شاہ ( 16) کو آوٹ کر کے افغانستان کو دوہرا جھٹکا دیا اور اسکور کو تین وکٹ پر 63 تک پہنچا دیا۔ اس کے بعد کپتان حشمت اللہ اور عظمت اللہ عمرزئی نے چوتھی وکٹ پر 121 رنز کی شراکت قائم کی اور افغانستان کو 200 کے قریب پہنچا دیا۔ تاہم 35ویں اوور میں 184 کے مجموعی سکور پر ہاردک پانڈیا نے عمرزئی کو بولڈ کر کے بھارت کو چوتھی کامیابی دلائی۔ عمر زئی نے 69 گیندوں پر 2 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے۔ عمر زئی کے آوٹ ہونے کے کچھ دیر بعد، 225 کے مجموعی سکور پر کپتان حشمت اللہ بھی کلدیپ یادیو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ حشمت اللہ نے 88 گیندوں پر 8 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 80 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ آخر میں راشد خان ( 12 گیندوں پر 16 رنز ) اور مجیب الرحمان ( ناٹ آو¿ٹ 10) نے تیز بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کا اسکور 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 272 رنز تک پہنچا دیا۔بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 4، ہاردک پانڈیا نے 2 اور شاردول ٹھاکر اور کلدیپ یادو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔