نئی دہلی،13اگست(ایچ ڈی نیوز)۔
ٹی 20 سیریز کا چوتھا میچ آج ویسٹ انڈیز اور بھارت کے درمیان فلوریڈا کے گراونڈ میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 178/8 رنز بنائے جس کے جواب میں بھارتی ٹیم نے 17 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 179 رنز بنائے اور سیریز 2-2 سے برابر کر دی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن معرکہ اسی گراو¿نڈ میں 13 اگست کو کھیلا جائے گا۔
میزبان ٹیم نے اننگ کا شاندار آغاز کیا اور 1 وکٹ کے نقصان پر 50 رنز بنائے لیکن تین وکٹیں برینڈن کنگ ، نکولس پورن اور روومین پاول کی صورت میں جلدی جلدی گرگئیں۔ کائل میئرز نے 17 اور برینڈن کنگ نے 18 رنز بنائے۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے شائی ہوپ نے 45 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ مڈل آرڈر میں بیٹنگ کے لیے آنے والے شمرون ہیٹمائر نے شاندار نصف سنچری اننگز کھیلی۔
شمرون ہیٹمائر نے 39 گیندوں پر 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 3 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ ٹیم انڈیا کی جانب سے ارشدیپ سنگھ نے 3 اور کلدیپ یادو نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ اکشر پٹیل ، یوزویندر چہل اور مکیش کمار کو 1-1 کامیابی ملی۔
ہدف کا تعاقب کرنے والی ہندوستانی ٹیم کے لیے یشسوی جیسوال اور شبھمن گل نے شاندار آغاز کیا اور پاور پلے میں ہی دونوں بلے بازوں نے 66 رنز جوڑے۔ اس جوڑی نے ونڈیز کے باولرزکی پٹائی جاری رکھی اور دونوں بلے بازوں نے اپنے اپنے ٹی20 کیریئر کی پہلی نصف سنچریاں بنائیں۔ گل 16ویں اوور میں 165 کے اسکور پر آوٹ ہوئے اور انہوں نے 47 گیندوں پر 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انہوں نے اور جیسوال نے 165 رنز کی اوپننگ شراکت داری کی ، جو اس فارمیٹ میں ہندوستان کے لیے پہلی وکٹ کے لیے مشترکہ سب سے زیادہ شراکت داری بھی ہے۔ جیسوال نے اپنی اننگز جاری رکھی اور آخر تک ناٹ آوٹ رہے۔ انہوں نے 51 گیندوں میں 11 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 84 رنز بنائے ، جب کہ تلک ورما بھی 7 رنز بنانے کے بعد ناقابل شکست واپس لوٹ گئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے واحد وکٹ روماریو شیفرڈ نے حاصل کی۔
