واشنگٹن، 20 اپریل (ایچ ڈی نیوز)۔
امریکہ کے اعلیٰ کمانڈر نے دعویٰ کیا ہے کہ ہندوستان اور امریکہ ، دونوں ممالک کو چین سے خطرہ ہے۔ یو ایس انڈو پیسیفک کمانڈ کے کمانڈر ایڈمرل جان کرسٹوفر اکویلینو نے ہندوستان اور امریکہ کے سیکورٹی چیلنجز کو ایک جیسا بتاتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی جو بائیڈن حکومت نہ صرف دفاعی شعبے میں ہندوستان کی مدد کررہی ہے بلکہ ہندوستان میں اس کی خود کی صنعت کے شعبے کو بھی ترقی دینےمیںمدد کر رہی ہے۔ امریکہ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے ارکان کے ساتھ بات چیت کے دوران ہندوستانی نژاد امریکی کانگریس مین رو کھنہ نے سوال اٹھایا تھاکہ ہندوستان اور چین کے درمیان نوآبادیاتی دور کے بعد اچھے تعلقات تھے اور دونوں ممالک ایشیا کی آواز بن کر ابھر رہے تھے لیکن اس کے بعد تعلقات خراب ہو گئے۔ اب چین ایشیا کے اپنے دوسرے اتحادیوں کے ساتھ جونیئرز جیسا سلوک کر رہا ہے۔
اس پر یو ایس انڈو پیسیفک کمانڈ کے کمانڈر ایڈمرل جان کرسٹوفر اکویلینو نے کہا کہ امریکہ ہندوستان کے ساتھ اپنی شراکت کی اہمیت کو سمجھتا ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ بہت کچھ کیا جا رہا ہے۔ ہندوستان اور امریکہ دونوں کو ایک جیسے سیکورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔ دونوں ملک مل کر کام کرنے کی خواہش رکھتے ہیں کیونکہ ہندوستان اور امریکہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریتیں ہیں۔ دونوں ممالک کی اقدار بھی ایک جیسی ہیں اور ہندوستانی اور امریکی عوام کے درمیان تعلقات کئی سالوں سے چلے آرہے ہیں۔ انہوں نے دو سال میں پانچ بار ہندوستان جانے کی بھی اطلاع دی۔
ایڈمرل اکویلینو نے کواڈ کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کواڈ کوئی سیکورٹی ادارہ نہیں ہے۔ یہ ایک سفارتی اور اقتصادی تنظیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان امریکہ کا اہم اتحادی ہے اور دونوں ممالک اکثر مشترکہ مشقیں کرتے ہیں جن میں مالابار مشق بھی شامل ہے۔ امریکہ بھارت کے ساتھ سیکورٹی کے شعبے میں تعاون کر رہا ہے اور بھارت میں دفاعی پیداوار میں بھی تعاون کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سی-130 ہیلی کاپٹر کے تمام اہم پرزے بھارت میں تیار کیے جا رہے ہیں۔