نئی دہلی (ایچ ڈی بیورو)۔
دہلی کے قدیم ترین ادارہ جامعہ سید نذیر حسین محدث دہلوی میں ایک پروگرام ہوا جس میں طلبہ جامعہ نے حصہ لیا ،اساتذہ جامعہ وصدر جامعہ نے ” بھارت کی آزادی میں مسلمانوں خصوصاً جماعت اہلحدیث کا حصہ “ کے عنوان سے گراں قدر معلومات سے سامعین وطلبہ جامعہ کو مستفید فرمایا۔ مولانا منظور عالم سلفی نے شیخ الکل فی الکل میاں سید محمدنذیر حسین محدث دہلوی رحمہ اللہ کی مساعی جمیلہ آزادی وطن کے لئے اور اسی کے پاداش میں ایک سال کی سزا انگریزوں کی جیل میں کاٹنے کا تفصیلی تذکرہ فرمایا۔حافظ شکیل احمد میرٹھی نے اپنے خطاب میں مجاہدین آزادی خصوصاً علمائے کرام کی قربانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے طلبہ کو جنگ آزادی کی مکمل تاریخ پڑھنے کا مشورہ دیا۔
صدر اجلاس مولانا صلاح الدین مقبول احمد نے انگریزوں کے آخری دور میں وطن عزیزکی آزادی کے لئے برپا ہونے والی تحریکات میں مسلمانوں خصوصا ً علماء اور ان میں بھی علماء صادقپور ،علماءامرتسر ،سیف ا لدین کچلو ، مولانا ثناءاللہ امرتسری ، حضرت مولانا ابراہیم میر سیالکوٹی ، حضرت مولانا سید داود غزنوی،جمیعتہ العلماءوغیرہ کی خدمات کا بھرپور جائزہ پیش کیا۔آخر میں جامعہ سید نذیر حسین محدث دہلوی کے ناظم تعلیمات مولانا رضاءاللہ عبدالکریم مدنی حفظہ اللہ نے ہندوستان میں مسلمانوںکی آمدسے لے کر1947ملک کی آزادی تک کی تمام ضروری تفصیلات بیان فرمائیں۔
موصوف نے اس بات کا بھی تذکرہ کیا کہ آج ملک میں جو تاریخ لکھی جارہی ہے ،لکھی گئی ہے اس میں مسلمانوں کی قربانیوں کو یکسر نظر انداز کیا گیا ہے ا ور ہمارے ہیروز کو زیرو بناکر پیش کیا جارہاہے۔افسوس تو اس پر ہے کہ مسلمانوں نے اول تو کوئی مکمل تاریخ لکھی نہیں اور لکھی بھی تو اس کو فرقہ وارانہ طریقہ پر لکھا جس میںاپنے فرقہ کو نمایاں کیا اور دوسرے فرقوں پر غداری کے الزامات لگائے گئے اور اس طرح ایک عظیم جرم اس فرقہ وارانہ تعصب کے نتیجہ میں کربیٹھے۔ضرورت ہے کہ مسلمان آزادی کی مکمل تاریخ بلاکسی تعصب کے لکھیں اور نئی نسل کو اپنی قوم ، اپنی ملت اور اپنے قائدین کی عظیم قربانیاں بتائیں تاکہ قوم کی نئی نسل احساس کمتری سے نکل کر موجودہ چیلنجوں کا مقابلہ کرسکے اور مسلمانوں کی تاریخ ،تہذیب اور زبان کو مٹانے ،مسخ کرنے اور بدنام کرنے کی فرقہ پرستوں اور مسلم دشمن عناصر کی کوششوں کا ہم اور ہماری نئی نسل مقابلہ کرسکے۔انہوں نے کہا واقعہ یہ ہےکہ وطن عزیز کی آزادی کے لئے جو سرفروشانہ کارنامے مسلمانوں نے انجام دیئے، اس کی نظیر کوئی قوم پیش نہیں کرسکتی۔مسلمانوں کی قربانیوں کے مقابلہ میں دوسری قوموں کی قربانیاں سمندر میں چند چلووں سے زیادہ وقعت نہیں رکھتیں۔ضرورت ہے کہ ہم آزادی اور آزادی کے لئے سرفروشانہ قربانیوں پر مشتمل تاریخ کو پوری ایمانداری سے لکھیں ا ور نئی نسل تک پہنچائیں اور آنے والی مشکلات اور پریشانیوں سے نبردآزما ہونے کے لئے ا ن کو تیار کریں۔یہ پروگرام ۱۲ بجے تک بخیر وخوبی چلا اور سامعین نے بڑی دلچسپی سے سنا اور نئے عزم کے ساتھ ملک کی آزادی کے لئے اپنی جانوں کو قربان کرنے والو ں کویاد کیا اور ان کوخراج عقید ت پیش کیا اور ملک کی تعمیر وترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے عزم کا اظہار کیا۔پروگرام میں ادارہ کے اراکین کے علاوہ بڑی تعداد میں محلے اور دہلی مختلف علاقوں کی معتبر شخصیات نے شرکت کی۔