نئی دہلی،08جنوری(ایچ ڈی نیوز)۔
انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر، نئی دہلی میں وقف ویلفیئر فورم کے ذریعہ وقف مسئلہ پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ جہاں کانگریس کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ اور کانگریس اقلیتی مورچہ کے قومی صدر عمران پرتاپ گڑھی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی وہیں پٹنہ ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس اقبال احمد نے پروگرام کی صدارت کی۔ الہ آباد ہائی کورٹ کے سابق جسٹس زیڈ یو خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا، جبکہ وقف ویلفیئر فورم کے ٹرسٹی اور سابق انکم ٹیکس کمشنر ایم این اے چودھری نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں وقف کی اہمیت اور فورم کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ فورم کے چیئرمین جاوید احمد نے دہلی میں سنہری باغ مسجد کو بچانے کے سلسلے میں فورم کی جانب سے وقف املاک کے تحفّظ کے لیے کی جانے والی کوششوں اور عوام سے ملنے والے تعاون کی ستایش کی۔ اس پروگرام کی نظامت دہلی اقلیتی کمیشن کی مشاورتی کمیٹی کے سابق رکن اور دہلی ہائی کورٹ کے وکیل رئیس احمد نے کی۔
قابل ذکر ہے کہفورم کے دہلی چیپٹر کے زیر اہتمام اس پروگرام میں ایم پی عمران پرتاپ گڑھی نے اپنی تقریر میں کہا کہ وقف املاک کی حفاظت بہت ضروری ہے کیونکہ زمین مافیا کی بری نظر ان پر ہے، اور ہم اسکی حفاظت کے لیے ہرکوشش کر رہے ہیں۔ سنہری باغ مسجد کا ہم اپنا سب کچھ دیں گے اور مسجد کو کچھ نہیں ہونے دیں گے۔ جبکہ سابق چیف جسٹس اقبال احمد نے اپنی صدارتی تقریر میں وقف املاک کا تحفظ سب کی ذمہ داری قرار دیا۔
اس موقع پر مہمانوں کے ہاتھوں فورم کے ماہانہ میگزین وقف ٹوڈے کے ایڈیشن کا اجرائ بھی کیا گیا۔ وقف ٹوڈے میگزین کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے لوگوں میں بیداری کی اہمیت بتائی۔ اس کے ساتھ ہی ایڈوکیٹ رئیس احمد نے وقف املاک کے تحفظ کے لیے ایک قرار داد پیش کی جس پر موجود تمام لوگوں نے اسے متفقہ طور پر منظور کیا اور وقف املاک بالخصوص دہلی کی 123 جائیدادوں کے تحفظ کا عہد لیا۔ فورم کے چیئرمین جاوید احمد نے اس کام کے لیے لیگل ٹیم، وفد اور اسکروٹنی ٹیم بنانے کا اعلان کیا اور سنیہری باغ مسجد کے کیس کو عدالت میں چیلنج کرنے کا وعدہ کیا۔ اس پروگرام میں نئی دہلی وسٹا زون کی مساجد کے امام مولانا محب اللہ ندوی، مولانا اسد فلاحی، مولانا ارشد ندوی، سابق چیف انکم ٹیکس کمشنر محسن عالم، دہلی کے ریاستی سکریٹری اور فورم کے ٹرسٹی مفتی عبدالغفار، انجینئر اسلم علیگ اور جمعیة علماءہند کے نمائندوں کے علاوہ بڑی تعداد میں معزز شخصیات نے شرکت کی۔ آخر میں سابق کمشنر ابرار احمد نے پروگرام میں شرکت کے لیے آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
