نئی دہلی، 14 فروری(ایچ ڈی نیوز)۔
دہلی کےخوراک ورسد کے وزیر عمران حسین نے آج عیدگاہ میں 24 سے 27 فروری 2023 کو ہونے والے اجتماع کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ طلب کرلی۔ میٹنگ میں علاقے کے کونسلر کے ہمراہ ڈی ڈی ایم اے، ڈی یو ایس آئی بی، ڈی جے بی، ایم سی ڈی، محکمہ صحت، فائر سروسز، بی ایس ای ایس،دہلی پولیس، پی ڈبلیو ڈی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
وزیر عمران حسین نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ عید گاہ کے اطراف کی سڑکوں اور گلیوں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں۔ وزیر نے ایم سی ڈی کو ہدایت دی کہ وہ تقریب کے دوران عیدگاہ کے اطراف کی گلیوں کو صاف کرنے کے لیے کارکنوں کو تعینات کریں۔ عمران حسین نے کہا کہ اجتماعی پروگرام میں تقریباً 4 سے 5 لاکھ افراد کی آمد متوقع ہے۔
اجتماع میں شرکت کرنے والوں کی سہولت کے لیے ریاستی وزیر نے ڈی یو ایس آئی بی حکام کو ہدایت کی کہ وہ اجتماع کے آغاز سے قبل ترجیحی بنیادوں پر 12 ٹوائلٹ بلاکس کا بندوبست کریں۔ اس کے علاوہ انہوں نے دہلی جل بورڈ کے عہدیداروں کو بھی ہدایت دی کہ وہ تقریب کے دوران پانی کی نکاسی اور صاف پینے کے پانی کا مناسب فراہمی کو یقینی بنائیں۔ وزیر عمران حسین نے کہا کہ عیدگاہ کے قریب پانی کے ٹینکرز کا انتظام کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ تقریب کے دوران شرکاءکو پانی فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے بی ایس ای ایس کو ہدایت دی کہ وہ تقریب کے دوران پرفیکٹ ہائی ماسٹ لائٹس سمیت روشنی کے مناسب انتظامات کو یقینی بنائیں۔اجلاس کے دوران اجتماع کے شرکاءکو ضروری اور ہنگامی خدمات (مثلاً میڈیکل کیمپ، ایمبولینس، فائر پروٹیکشن، پینے کے پانی، بیت الخلاء، خیمے، لائٹس، سیکورٹی وغیرہ) فراہم کرنے کی تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر نے پنڈال کے ارد گرد ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم اور سول ڈیفنس کے اہلکاروں کی مناسب تعداد کو تعینات کرنے کا بھی حکم دیا۔رضاکاروں کی تعیناتی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ۔وزیر عمران حسین نے کہا کہ دہلی حکومت تقریب کے دوران تمام ضروری اور بنیادی سہولیات جیسے پینے کا پانی، بجلی کی مناسب فراہمی، امن و امان کو یقینی بنانے، صفائی ستھرائی اور اسٹریٹ لائٹس فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس کے علاوہ 24 گھنٹے ہیلتھ کیمپ اور ایمبولینس، فائر بریگیڈ، لاءاینڈ آرڈر،سیڑھیوں اور فرش کی مرمت، پھولوں کے گملوں کے انتظامات سمیت اردگرد کے علاقے کو سرسبز بنانے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔