شاہین باغ میں منعقد افتتاحی تقریب میں اوکھلا کے سابق رکن اسمبلی آصف محمد خان اور کونسلر اریبہ خان کی خصوصی شرکت
نئی دہلی،05جنوری (ایچ ڈی نیوز )۔
اوکھلا کے شاہین باغ میں اردو ،ہندی اور انگریزی زبان میں کتابوں کی اشاعت کا ایک معتبر ادارہ عبارت پبلی کیشن کا شاندار افتتاح عمل میں آیا ۔ اوکھلا کے سابق رکن اسمبلی آصف محمد خان اور ان کی بیٹی کونسلر اریبہ خان نے ربن کاٹ کر باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پرمقامی سر کردہ شخصیات کے علاوہ صحافیوں اورعام لوگوں نے بھی خاطر خواہ تعداد میں شرکت کی۔
مہمان خصوصی سابق رکن اسمبلی آصف محمد خاں نے اس موقع پر کہا کہ میں مقامی صحافیوں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرانے کی کوشش کروں گا تاکہ مقامی مسائل کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کیا جاسکے اور علاقائی مسائل کو حل کرنے میں مقامی صحافیوں کا تعاون حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن کی طرف سے مزید اسکول کھولے جانے کی ضرورت ہے۔ تقریبا تین چار سا ل سے ہم ایک این جی او کی مدد سے جھگی جھوپڑیوں کے بچوں کو اپنی رہائش گاہ پر مستقل طور پر تعلیم دے رہے ہیں۔ مہمان اعزازی نو منتخب کونسلر اریبہ خان نے کہا کہ یہ سوشل میڈیا کا وقت ہے۔ آج بھی مختلف زبانوں میں کتابیں شائع کی جارہی ہیں۔ آج بھی لوگ کتاب اور اخبار پڑھنا پسند کرتے ہیں۔ اس اثاثہ کو برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انھوں نے کہا کہ شاہین باغ میں ادیبوں، صحافیوں اور اسکالرس کی ایک بڑی تعداد ہے اس لیے ایسی جگہ پر عبارت پبلی کیشن کا قیام ایک نیک قدم ہے، مجھے امید ہے کہ اس ادارے کے ذریعے بہت سی اہم علمی کتابیں ہمارے سماج تک پہنچیںگی کہ کتابیں ہی ہماری ترقی کا زینہ ہیں۔
اس موقع پر اردو کے ادیبوں اور صحافیوں نے عبارت پبلی کیشن کے افتتاح کو ایک بہترین قدم قرار دیتے ہوئے عبارت پبلی کیشن کے سربراہ سلام الدین خان کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ شاہین باغ میں اس طرح کے اشاعتی اداروں کی شدید ضرورت ہے اور عبارت پبلی کیشن کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں مناسب اور رعایتی نرخ پر کتابوں کی اشاعت ہوتی ہے اور اس کا طباعتی اور اشاعتی معیار بھی بہت بلند ہے۔ عبارت پبلی کیشن کے مالک سلام الدین خان نے مہمانان گرامی اور شرکاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا دائرہ ¿ عمل صرف ادب تک محدود نہیں ہے بلکہ دیگر سماجی ، ثقافتی، تہذیبی سرگرمیاں بھی ہمارے پیش نظر ہیں خاص طور پر اردو اخبارات میں کام کرنے والے صحافیوں کے تعلق سے ہمارا ارادہ ہے کہ ہم ڈیسک پر کام کرنے والے ان افراد کی خدمات کا اعتراف کریں جو آج تک کسی بھی قسم کے ایوارڈ یااعزاز سے محروم ہیں۔ اس سلسلے میں جلد ہی ہماری مشاورتی کمیٹی ایسے صحافیوں کا انتخاب کرکے ایوارڈ سے سرفراز کرے گی۔
عبارت پبلی کیشن کے افتتاح کی تقریب میں حقانی القاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند برسوں سے اشاعتی دنیا میں عبارت پبلی کیشن نے اپنی ایک الگ پہچان بنائی ہے۔ اس ادارے کا اپنا ایک وقار اور معیار ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہندوستان کی مختلف ریاستوں کے مصنّفین عبارت پبلی کیشن سے اپنی کتابیں شائع کروانے کے آرزو مند ہیں۔
اس تقریب میں سلیم شیرازی، ڈاکٹر منور حسن کمال، ڈاکٹر شفیع ایوب، ڈاکٹر زین شمسی، معین شاداب، آسیہ خان، امیر حمزہ، عبد الباری، محمد احمد ، مفیض الرحمن ، التجا عثمانی ،حفظ الرحمن ، انوار الحق ،ضیاء الرحمن (ضیا بک ڈپو )ولی اللہ ، جمشید چودھری، محمد دانش، زاہد عظیم، شکیل احمد ،انبساط رانا، علیم اللہ خان، محمد راغب ،سبز آب شیرازی وغیرہ نے شرکت کی ۔