سہارنپور سے کیرانہ آئی 4افراد پر مشتمل بارات کے جہیز نہ لینے پر علمائے کیرانہ نے دلہااور اس کے والدین کو دی مبارکباد۔
شاملی:6جون(عظمت اللّٰہ خان/ایچ ڈی نیوز)ملک بھر کے مسلمانوں میں شادی بیاہ میں فضول خرچی، اہل ہنود کی رسومات اور جہیز کی بڑھتی مانگ جیسے مسائل اور سماج میں پھیلتی برائی کے خلاف علمائے کرام اور آئمہ حضرات کی کوششوں نےرنگ لانا شروع کردیا ہے۔واضح رہے کہ ملک بھر میں ہر مکتب فکر کے علماء نے شادی بیاہ(نکاح) میں فضول خرچی، جہیز،ڈی جے ،پٹاخہ بازی،منڈھا،مہندی اوربٹنہ وغیرہ جیسی اہل ہنود کی رسومات کے خلاف تحریک چلا رکھی ہے،جس کا اثر مسلم اکثریتی علاقوں سے ملنا شروع ہوگیا ہے ،علماء اور آئمہ حضرات نےان جگہوں پر نکاح پڑھانے سے انکار کردیا ہے،جہاں مذکورہ رسومات پر عمل ہو رہا ہے۔علماء کی آ واز پر لبیک کہتے ہوئے مانک مو سہارنپور سے کیرانہ آئی 4افراد پر مشتمل بارات نےجہیز لینے سے انکار کردیا۔بتادیں کہ دلہاکے والد عبد القیوم انصاری فی الحال دوبئی کی ایک کمپنی میں ملازم ہیں ،انہوں نے بذریعہ ویڈیو کال کر کےصاف صاف کہا کہ انہیں صرف لڑکی چاہیے ،اس کے علاوہ انہوں نے گھر کے ہی 4افراد پر مشتمل افراد کو کیرانہ بھیجا ہے،انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر علمائے ہند و پاک کی تقاریر سننے کا موقع ملا ،تبھی میں نے من بنا لیا کہ بیٹے کی شادی میں کسی بھی طرح کی رسم نہیں ہونے دوں گا اور نہ ہی لڑکی کے والدین کا ایک بھی پیسہ خرچ ہونے دوں گا،آج اللہ نے اس کی دعا کو قبول کرلیا ہے،انہوں نے بتایا کہ وہ دوبئی میں ایک کمپنی کے ماتحت وال پینٹنگ کا ،کام کرتے ہیں،نہ میں لکھ پتی ہوں اور نہ کروڑ پتی دوبئی میں مزدوری ہی کرتا ہوں۔اطلاع کے مطابق گزشتہ شب ادارہ اشاعت الاسلام پانی پت روڈ کے مہتمم مولانا برکت اللہ امینی نے لڑ کی کے والد حافظ انتظار کی بیٹی کا نکاح عبد القیوم انصاری کے بیٹے سے سادگی کے ساتھ نکاح پڑھایا،جس میں گھر کے افراد کے علاوہ محلہ کے موجودہ اور سابق ممبران سمیت آٹھ یا دس افراد شامل رہے۔لڑکی کے والد نے بتایا کہ اچانک ان کے گھر سہارنپور سے ایک دن پہلے رشتہ طے پایا گیا اور اگلے ہی دن بغیر کسی رسومات کے بیٹی کا نکاح عقد ہوا،جس پر علمائے کرام اور آئمہ حضرات نے ان کی اس پہل پر مبارکباد پیش کی ہے۔جمعیت علماء شاملی کے صدر مولانا ساجد قاسمی ،جامع مسجد کے امام مولانا محمد طاہر،سکریٹری مولانا محمد ایوب مفتاحی ،مولانا مشاہد قاسمی،ماسٹر سمیع اللہ خان،قاری مبین شاہ،قاری ساجد،ڈاکٹر عظمت اللّٰہ خان،سابق ممبر محمد راشد صدیقی ،ایم سالم (صحافی)سوشل انڈیا نیوز کے ایڈیٹر مولانا بلال بجرولوی ،سابق ممبر محمد دانش ،شہزاد باغبان،اعجاز سالم،عمران خان وغیرہ نے دلہا اور دلہن کے ساتھ ساتھ زوجین کے والدین اور رشتے داروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
دولہا: رفاقت انصاری ولد عبد القیوم انصاری